ممبئی /ڈھاکہ (ویب ڈیسک)
بنگلا دیش اور بھارت میں حالیہ بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ میں 6 روہنگیا پناہ گزین سمیت مجموعی طور پر 30 2سے زائد افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش میں مسلسل بارشوں اور سیلاب نے کاکس بازار کے علاقے میں تباہی مچادی۔ 70 گائوں سیلاب میں ڈوب گئے اور مختلف واقعات میں 6 روہنگیا پناہ گزین سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے 36 ہزار افراد کو اسکولوں میں قائم کیمپوں میں منتقل کردیا ہے تاہم اب بھی 3 لاکھ 60 ہزار افراد متاثرہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں جن کی منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر کا انتظام کیا جا رہا ہے۔حکومت کی جانب سے مختلف علاقوں میں سائیکلون شیلٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرہ علاقوں سے شہریوں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ کاکس بازار سے 10 ہزار روہنگیا پناہ گزینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب بھارتی ریاستوں مہاراشٹر، جھاڑکھنڈ، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں مزید 11 ہلاکتوں سے مجموعی تعداد 230 سے زائد ہو گئی ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں میں رواں بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ہے جس میں زیادہ تر ہلاکتیں آسمانی بجلی گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ہوئی ہیں۔