آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج (بدھ کو)ہوگا،قائد ایوان کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری
سپیکر چوہدری انوار الحق او ڈپٹی سپیکر ریاض احمد نے حلف اٹھالیا
مظفرآباد(ویب نیوز)آزادکشمیر کے نئے وزیر اعظم کا انتخاب آج بدھ کے روز ہوگا۔آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا گیا،شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج بدھ کی صبح 9 بجے سے 11:30، تک جمع کرائے جاسکیں گے ۔کاغذات کی جانچ پڑتال بھی ،11:30 سے 12 بجے تک ہوگی اور ناموں کی فہرست فہرست 12بجے دن آویزاں کی جائے گی ۔کاغذات نامزدگی واپس لینے کا ٹائم 12 تا 1 بجے دن ہوگا اور حتمی فہرست ایک بجے دن لگائی جائے گی،اس کے بعد وزیراعظم کا انتخاب وزیراعظم 2 بجے ہوگا
آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے پولنگ منگل کے روز ہوئی۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی کے لیے تحریک انصاف کے چوہدری انوارالحق اور پیپلز پارٹی ومسلم لیگ ن کے مشترکہ امیدوار فیصل ممتاز راٹھور کے درمیان مقابلہ ہوا۔ تحریک انصاف کے چوہدری انوار الحق نے 32 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلزپارٹی و مسلم لیگ ن کے مشترکہ امید وار فیصل ممتاز راٹھور نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ قانون سازاسمبلی کے کل ممبران کی تعداد 53 ہے جن میں سے 49 ممبران اسمبلی ووٹنگ کے وقت حاضر تھے۔ جبکہ چار ممبران اسمبلی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ سپیکر کی انتخاب کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں 2 ووٹ مسترد ہوئے۔ چوہدری انوار الحق کی کامیابی کے بعد سبکدوش ہونے والے سپیکر شاہ غلام قادرنے ان سے حلف لیا اور انہیں سپیکر اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ جس کے بعد چوہدری انوار الحق نے سابق سپیکر شاہ غلام قادر سے بطور ممبر اسمبلی حلف لیا اور بقیہ کارروائی کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار ریاض احمد نے 32 جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ امیدوارنثارہ عباسی نے 15 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کل 47 ووٹ ڈالے گے۔ اس طرح تحریک انصاف کے امیدوار ریاض احمد ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی منتخب ہو گے۔ جس کے بعد سپیکر چوہدری انوار الحق نے ریاض احمد سے ڈپٹی سپیکر کے عہدے کا حلف لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوے سپیکر اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہا کہ میں اپنی لیڈرشپ، عوام اور ممبران اسمبلی کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے دس سال بعد مجھے دوبارہ اس معزز ایوان کے کسٹوڈین کی حیثیت سے منتخب کروایا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے بطور سپیکر نامزد کیا۔ انہوں نے کہا اس ایوان کی ماضی میں بڑی اعلی روایات رہی ہیں اور اس ہاوس کی تشکیل میں ہمارے آباو اجداد کی قربانیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان روایات کو ہم آگے بڑھائیں گے۔ میری تمام معزز ممبران سے گزارش ہے کہ وہ برداشت، تحمل اور ایک دوسرے کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھیں تاکہ ہماری یہ اعلی روایات قائم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ اپوزیشن کی آواز کو کسی بھی صورت نہ دبایا جائے اور حکومت کی اکثریتی رائے کا بھی احترام کیا جائے۔ ڈپٹی سپیکر منتخب ہونے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوے ریاض احمد نے چیر مین تحریک انصاف عمران خان اپنے حلقہ کے عوام اور ممبران قانون ساز اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔