اسلام آباد (ویب ڈیسک)
بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں منعقد ہونے والی تقریب میں جسٹس جمال خان مندوخیل سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز، جوڈیشل آفیسرز اوروکلاء نے شرکت کی۔ جوڈیشل کمیشن کی جانب سے 13 جولائی کو جسٹس جمال خان مندوخیل کی بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ جسٹس جمال خان مندوخیل 12نومبر1961کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد کا نام فیروز خان تھا۔ جمال خان مندوخیل نے 1987میں یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔جمال خان مندوخیل سات ستمبر2009کو بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج کے طور پر تعینات ہوئے اور بعد ازاں 11مئی2011کو مستقل طور پر بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج تعینات ہوئے۔ جمال خان مندوخیل نے بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ عہدے کا حلف پانچ اکتوبر2019کو اٹھایا۔ جمال خان مندوخیل بطور جج سپریم کورٹ آف پاکستان اپنی 65سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد 11نومبر 2026کو اپنے عہدے سے ریتائرڈ ہو جائیں گے۔