کوئٹہ (ویب ڈیسک)

بلوچستان ہائی کورٹ کے نئے تعینات ہونے والے  چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہائوس کوئٹہ میں منعقد ہوئی۔ گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے جسٹس نعیم اختر افغان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ججز، بلوچستان ہائی کورٹ کے عملے اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس جمال خان مندوخیل کی بطور سپریم کورٹ جج تعیناتی کے بعد جوڈیشل کمیشن کی جانب سے13جولائی کو جسٹس نعیم اختر افغان کو بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس نامزد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے نئے تعینات ہونے والے چیف جسٹس نعیم اختر افغان 29جون 1963کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد کا نام معین اختر افغان تھا۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے 1988میں   یونیورسٹی لاء کالج کوئٹہ سے فرسٹ ڈویژن میں  ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔  جسٹس نعیم اختر افغان کو 12مئی2011کو بلوچستان ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقررکیا گیا۔ جسٹس نعیم اختر افغان کو 11مئی 2012کو بلوچستان ہائی کورٹ کا مستقل جج تعینات کیا گیا۔ جسٹس نعیم اختر افغان کو اگر بلوچستان ہائی کورٹ  سپریم کورٹ آف پاکستان میں جج تعینات نہ کیا گیا تو وہ بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ اپنی 62سالہ آئینی مدت پوری کرنے کے بعد 28جون 2025کو اپنے عہدے سے ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔