پی ٹی سی ایل گروپ کے فلیگ شپ انٹرن شپ پروگرام ایکسپریامیں پاکستان بھر کے 50 بہترین گریجویٹس شامل

اسلام آباد (ویب نیوز )

 پاکستان ٹیلی کمیونکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور یوفون نے اپنے فلیگ شپ انٹرن شپ پروگرام ایکسپریا‘ (Experia)میں پاکستان بھر کے 50 بہترین گریجویٹس کو شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں طالب علموں کو پی ٹی سی ایل گروپ میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔ 

اس حوالے سے طالب علموں کے انتخاب میں سخت جانچ پڑتال کا عمل اختیار کیا گیا۔ ایکسپریا ملک میں طالب علموں کا سب سے مطلوب انٹرن شپ پروگرام بن چکا ہے۔ رواں سال، ایکسپریا پروگرام کے لئے 2700 سے زائد نوجوان طالب علموں نے اندراج کرایا۔ ان میں سے 50 بہترین طالب علموں کو بھرپور جائزے کے عمل سے گزارنے کے بعد انکی بہترین مہارتوں اور صلاحیتوں کی بناء پر منتخب کیا گیا۔ کامیاب امیدواروں کو مختلف شہروں میں پی ٹی سی ایل اور یوفون کے دفاتر میں تعینات کیا گیا ہے جو پی ٹی سی ایل گروپ ٹیم ممبرز کے ساتھ براہ راست کاروباری منصوبوں پر کام کریں گے۔

اس پروگرام پر اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی سی ایل اور یوفون کے گروپ چیف ہیومن ریسورس آفیسر، سید مظہر حسین، نے کہا، "ہم پی ٹی سی ایل اور یوفون میں ایکسپرینز(Experians) کے نئے گروپ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ میں ان تمام طالب علموں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے کامیابی سے اس پروگرام میں اپنی جگہ بنائی ہے، میں پرامید ہوں کہ یہ ان کے پیشہ ورانہ کیرئیر کے لئے بہترین تجربہ ثابت ہوگا۔  ایکسپریا کے ذریعے پی ٹی سی ایل اور یوفون کا عزم ہے کہ ان گریجویٹس کو اس پروگرام کے توسط سے بہترین مواقع فراہم کرکے انکی صلاحیتوں کو جلا ء بخشی جائے اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ انکے پیشہ ورانہ کیرئیر میں آگے چل کر بڑا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔

ایکسپریا پروگرام آغاز سے ہی نوجوان گریجویٹس اور پروفیشنلز کو کارپوریٹ کلچر کے عملی تجربے، کاروباری اخلاقیات اور کام کے طریقوں سے روشناس کراتا ہے جس کا ثبوت اسکے سلوگن اپنی عملی سیکھنے کی صلاحیت کو مستحکم بنائیںکی شکل میں نکلتا ہے۔ اسکے ساتھ ہی، انٹرن شپ حاصل کرنے والے طالب علموں کو ادارہ جاتی نظام میں کام کا عملی تجربہ حاصل ہوگا اور وہ دوران تدریس سیکھے گئے تصورات کو عملی شکل دے سکیں گے۔ ایکسپریا ایک دلچسپ پروگرام ہے جس میں انٹرن طالب علموں کے لئے سیکھنے کے بہترین تجربات کے ساتھ مختلف سرگرمیاں اور پروجیکٹس بھی شامل ہیں۔

پی ٹی سی ایل گروپ نوجوانوں کو وسیع، جدید اور فعال ماحول کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے تاکہ وہ نت نئی عملی چیزیں سیکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار بھی کرسکیں۔