پاکستان نے ٹرمپ کے سامنے اپنے پتے بہترین طریقے سے استعمال کیے ،بلوم برگ
پاکستان امریکی صدر ٹرمپ کا پسندیدہ ملک بنا ہوا ہے،بھارت کو دبائو کا سامنا ہے
پاکستان کے پاس ایسے اثاثے موجود ہیں جو امریکی مفادات کے لیے مفید ہوسکتے ہیں
واشنگٹن(ویب نیوز)
امریکی جریدے بلوم برگ کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکی صدر ٹرمپ کا پسندیدہ ملک بنا ہوا ہے جبکہ بھارت کو دبائو کا سامنا ہے۔ بلومبرگ کے مطابق پاکستان نے ٹرمپ کے سامنے اپنے پتے بہترین طریقے سے استعمال کیے ہیں، پاکستان ان چند ملکوں میں شامل ہے جن کا امریکا سے تجارتی معاہدہ طے پایا ہے۔ امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اور پاکستان کے درمیان رابطوں کا آغاز پاک بھارت جنگ کے دوران ہوا، پاکستان نے ٹرمپ کے جنگ بندی اعلان کا خیرمقدم کیا تاہم بھارت نے جنگ بندی کرانے کی تردید کی۔ بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس ایسے اثاثے موجود ہیں جو امریکی مفادات کے لیے مفید ہوسکتے ہیں، پاکستان کے پاس دنیا کے سب سے بڑے سونے اور تانبے کے اب تک دریافت نہ کیے گئے ذخائر بھی موجود ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بلومبرگ کی جانب سے یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ ملاقات کے ڈر سے امریکی صدر سے ملنے سے گریز کیا۔ جریدے کے مطابق مودی نے 17جون کو امریکی صدر کی کھانے کی دعوت قبول کرنے سے انکار کیا، مودی کو خدشہ تھا کہ امریکی صدر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات نہ کرادیں۔ امریکی جریدے نے دعوی کیا کہ 17جون کو امریکی صدر اورمودی کی 45 منٹ طویل ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی، یہ گفتگو ہی امریکا اور بھارت کے تعلقات کے درمیان ٹرننگ پوائنٹ بنی اور اس تنا بھری گفتگو کے بعد ہی امریکا اور بھارت کے تعلقات میں تلخی آنا شروع ہوئی





