پی ایم ڈی سی نے ایم ڈی کیٹ فیس میں80فیصد اضافہ کر دیا
ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی فیس 7ہزار سے بڑھا کر 9ہزار روپے کر دی گئی
رجسٹریشن فیس کی مد میں پی ایم اینڈ ڈی سی کو 2 ارب کے قریب آمدن متوقع ہے
کراچی(ویب نیوز)
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی)نے ڈاکٹر بننے کا خواب دیکھنے والے طلبہ اور اور ان کے والدین پر مالی بوجھ ڈالتے ہوئے ایم ڈی کیٹ فیس میں 80فیصد اضافہ کردیا ہے۔ ایم ڈی کیٹ کی فیس میں اضافہ دو برس کے دوران کیا گیا ہے، گزشتہ برس 2024ء میں ٹیسٹ فیس 7 ہزار روپے تھی جو اب 9 ہزار روپے کردی گئی ہے جبکہ 2023میں یہ فیس 5ہزار روپے تھی۔گزشتہ برس پاکستان بھر سے 32977امیدواروں نے شرکت کی تھی اس حساب سے رواں برس پی ایم ڈی سی کو دو ارب 96کروڑ 34لاکھ 93ہزار کی آمدنی ہوگی۔پی ایم ڈی سی کے مطابق داخلہ ٹیسٹ اتوار 5اکتوبر 2025ء کو پاکستان سمیت سعودی عرب میں بھی ایک ہی وقت پر منعقد ہوگا۔ پاکستان میں امتحان پانچ مختلف جامعات کے تحت لیا جائے گا، جن میں پنجاب کے امیدواروں کے لیے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، سندھ کے امیدواروں کے لیے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، خیبرپختونخوا کے امیدواروں کے لیے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور، بلوچستان کے لیے بولان میڈیکل یونیورسٹی کوئٹہ اور وفاقی دارالحکومت، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں (ریاض، سعودی عرب) کے لیے شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد شامل ہیں۔ایم ڈی کیٹ کی آن لائن رجسٹریشن 25اگست تک جاری رہے گی، لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ یکم ستمبر مقرر کی گئی ہے۔پاکستان میں امتحانی مراکز کے لیے رجسٹریشن فیس 9ہزار روپے جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ 13 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، ریاض سعودی عرب جیسے بین الاقوامی سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے اور لیٹ فیس کے ساتھ 55 ہزار روپے ہوگی جبکہ تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی۔میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ٹیسٹ ملک کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا، جن میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، میرپور، راولاکوٹ، سکھر، حیدرآباد، ملتان، فیصل آباد، سوات، ایبٹ آباد، گلگت، ریاض سمیت دیگر شہر شامل ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنے ڈومیسائل کے مطابق شہر کا انتخاب کریں کیونکہ ایک بار منتخب کیا گیا امتحانی مرکز بعد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔ ایم ڈی کیٹ کا امتحان انگریزی زبان میں ہوگا اور یہ پرچہ ملٹی پل چوائس سوالات پر مشتمل ہوگا، مجموعی طور پر 180 سوالات ہوں گے جن میں کسی قسم کی منفی مارکنگ نہیں کی جائے گی۔ سوالات حیاتیات، کیمیا، طبیعات، انگریزی اور منطقی سوچ جیسے مضامین سے ہوں گے، پرچے میں 15 فیصد آسان، 70 فیصد درمیانے اور 15 فیصد مشکل سطح کے سوالات شامل ہوں گے۔




