پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کا جشن منانے کے لئے پی ٹی سی ایل گروپ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
اسلام آ باد (ویب نیوز ) پی ٹی سی ایل اور یوفون میں بڑے پیمانے پر ملک کے 75 ویں جشن یوم آزادی منانے کی تیاریاں بھرپور قومی جوش و جذبے سے جاری ہیں۔ یوم آزادی منانے کے سلسلے میں پی ٹی سی ایل گروپ نے ملازمین سے رابطے کا ایک ہفتہ طویل پروگرام کا آغاز کیا ہے جو 14 اگست کو مرکزی تقریب پر منتج ہوگا۔
اس پروگرام کا آغازرواں ہفتے کے اوائل میں ہوا جس کی بدولت پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے ملک گیر سطح پر جشن منانے کے ساتھ ساتھ ملکی ٹیلی کام آپریٹر کے طور پر اسکی منفرد حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔ اس پروگرام کی شروعات پیر کو ہوئی جب ملک بھر میں اپنے دفاتر آنے والے پی ٹی سی ایل اور یوفون عملے میں قومی پرچم اور بیجز تقسیم کئے گئے۔
کرونا کے باعث اس پروگرام کی سرگرمیاں آن لائن منعقد ہوں گی اور پی ٹی سی ایل گروپ کے عملے سے اپنے اہل خانہ بالخصوص بچوں کے ہمراہ شرکت کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس اقدام کی بدولت آزادی کے حقیقی معنی اور اہمیت اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے گروپ تفریحی سرگرمیوں میں علاقائی ثقافتوں کو پیش کرکے ثقافتی تنوع اور انکی قبولیت کا جشن منائے گا۔
اس پروگرام کی مرکزی تقریب پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 14 اگست کو منعقد ہوگی جس میں پی ٹی سی ایل گروپ کے سی ای او اور سینئر انتظامیہ کے ساتھ منتخب ملازمین پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرز اور یوفون ٹاور 13 اگست اور 14 اگست کو سبز و سفید رنگوں سے جگمگائیں گے اور رات کو اختتام پر پی ٹی سی ایل ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی آتش بازی کا مظاہرہ پیش کیا جائے گا۔
پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے ملک بھر میں جشن یوم آزادی کی تقریبات منانے کا سلسلہ بھرپور انداز سے جاری ہے۔