پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے،عراقی وزیر خارجہ
راولپنڈی (ویب ڈیسک)
عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد حسین نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی و افغان امن عمل سمیت مجموعی علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور عراق کے درمیان متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔عراقی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان عراق کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے ۔ پاکستان عراق دوطرفہ تعلقات مشترکہ اقدار اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہیں ۔ عراقی قوم نے انسداد دہشت گردی کی جنگ میں لازوال قربانیاں دیں۔ آرمی چیف نے کہاکہ عراق کوترقی اوردفاعی شعبے میں ہرممکن تعاون کی فراہمی کو تیار ہیں۔ عراقی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔