راولپنڈی/اسلام آباد (ویب ڈیسک)
بلوچستان کے ضلع لور الائی کے قریب فرنٹیئر کور(ایف سی)کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک جوان شہیداور میجر سمیت 2اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق بلوچستان میں لورالائی کے علاقے شاہرگ میں ایف سی بلوچستان کی گاڑی پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا، ایف سی کے جوانوں کی فوری کارروائی کے نتیجے میں 3دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک شریف شہید ہوگئے۔دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران میجر قاسم اور ایف سی کا ایک جوان فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لورالائی میں ایف سی کی گاڑی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت اور شہید نائیک شریف کے لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت کیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ ایف سی گاڑی پر فائرنگ ایک انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ہماری فورسز کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔