شمالی و جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے مقابلہ، پاک فوج کے4 جوان شہید، 6 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں دہشت گردوں کا سرغنہ حضرت زمان عرف خاورے ملا بھی مارا گیا،آئی ایس پی آر

حضرت زمان عرف خاورے ملا کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا

راولپنڈی(  ویب  نیوز)

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز  کی کارروائیوں میں  6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ پاک فوج کے 4 جوا ن شہید ہوگئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے مقابلے 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں دہشت گردوں کا سرغنہ حضرت زمان عرف خاورے ملا بھی مارا گیا جو کہ کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں 3 جوان بھی شہید ہوئے، لانس نائیک تبسم الحق ،سپاہی نعیم اختر،سپاہی عبد الحمیدشہدا میں شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے علاقے میں بھی سکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں سے مقابلہ ہوا، مقابلے میں سپاہی فرمان علی شہید ہوگئے۔علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ختم کے لیے پر عزم ہیں،ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں