یو ای ٹی کے انجینئر نے تعمیر پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا، وائس چانسلر
لاہور (ویب ڈیسک)
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، یو ای ٹی لاہورمین کیمپس کو مکمل طور پربرقی قمقموںاورقومی جھنڈوں سے سجایا گیا۔وائس چانسلر یو ای ٹی لاہورپروفیسر ڈاکٹر سید منصور سرور نے سبز ہلالی پرچم لہرایا، تقریب میں تمام شعبہ جات کے ڈین، فیکلٹی ممبران اور سٹاف نے شرکت کی۔ بعدازاں مرکزی کانفرنس روم میںکیک کٹنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں سید جعفر زیدی اورنظیرقیصرنے تحریک پاکستان میں قائدین کی قربانیوں کا تذکرہ کیا۔تحریک آزادی کے شہداء کا تذکرہ سن کر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر منصور سرور کا کہنا تھا کہ یو ای ٹی نے تعمیر پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے انجینئرز نے مملکت خداداد کی ترقی اور خوشحالی کیلئے شبانہ روز محنت کی۔یہ یو ای ٹی کے انجینئرز کی محنت کا صلہ ہے کہ ہم دور جدید کا مقابلہ بھرپور صلاحیت سے کر رہے ہیں۔تقریب میں معروف شاعرہ حمیدہ شاہین نے اپنا کلام بھی پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے تمام انتظامیہ ،سکیورٹی عملے اور مہمانوں کا بالخصوص شکریہ ادا کیا۔وائس چانسلر نے ملازمین بالخصوص بچوں کیساتھ تصاویر بنوائیں۔تقریب کے اختتام پر ملک میں امن و امان اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔