کراچی: مستحق طلبہ کے لیے سود سے پاک قرضے۔اسٹوڈنٹ لون اسکیم کی ایپکس کمیٹی نے82.6 ملین روپے کی منظوری دیدی

رقم ملک بھر کی سرکاری جامعات میں2017سے اب تک انڈر گریجویشن، گریجویشن اور پی ایچ ڈی کی اسناد کے لیے زیر تعلیم 518 مستحق طلبہ میں تقسیم کی جائے گی

کراچی( ویب نیوز)اسٹوڈنٹ لون اسکیم کی ایپکس کمیٹی نے پاکستان میں تعلیم کے لیے مستحق طلبہ کے لیے سود سے پاک قرضوں کے طور پر 82.6 ملین روپے کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت بینک دولت پاکستان، فنانس ڈویڑن (حکومت پاکستان) اور پانچ بڑے بینکوں (نیشنل بینک، حبیب بینک، یونائیٹڈ بینک، الائیڈ بینک، ایم سی بی بینک) کیجانب سے اس مد میں قرض جاری کئے جائیں گے ۔ ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ رقم ملک بھر کی سرکاری جامعات میں سیشن 2017ـ18ء ، 2018ـ19ء اور 2019ـ20ء کے لیے مختلف شعبوں میں انڈر گریجویشن، گریجویشن اور پی ایچ ڈی کی اسناد کے لیے زیر تعلیم 518 مستحق طلبہ میں تقسیم کی جائے گی۔اسٹوڈنٹ لون اسکیم کا مقصد ناکافی وسائل رکھنے والے میرٹ کے حامل کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔ یہ قرضے پہلی قسط کی تقسیم کی تاریخ سے دس سال کی زیادہ سے زیادہ مدت کے لیے دیے جارہے ہیں اور پہلی ملازمت کی تاریخ کے چھ ماہ بعد یا تعلیم کی تکمیل کی تاریخ کے ایک سال بعد سے، ان میں سے جو بھی پہلے ہو، ماہانہ اقساط میں قابل واپسی ہوں گے۔ اسکیم کے منتظم کے طور پر نیشنل بینک آف پاکستان تمام ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے جیسے قرضے کی درخواستیں وصول کرنا اور ان کی چھان بین کرنا، قرضوں کی تقسیم اور واپسی۔ کامیاب طلبہ کے نام نیشنل بینک آف پاکستان کی ویب سائٹ کے لنک پر دستیاب ہیں۔

#/S

#H