کراچی:آڈٹ رپورٹ میں نیواسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کا انکشاف
ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کے لیے غلط سائٹ کا انتخاب کیا گیا جس کی وجہ سے قومی خزانے کو 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا نقصان ہوا
نئے ٹاور کی تعمیر، سامان کی ترسیل اور اضافی تنصیب کے باعث 10 کروڑ 10 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات ہوئے
کراچی(ویب نیوز)آڈٹ رپورٹ میں نیواسلام آباد ایئرپورٹ کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کے لیے غلط سائٹ کا انتخاب کیا گیا۔غلط سائٹ کے انتخابات کی وجہ سے قومی خزانے کو 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیو اسلام آباد ایر پورٹ کا ایئرٹریفک کنٹرول ٹاور تعمیر کا مقصد پورا نہیں کرتا ۔کنٹرول ٹاور سے مرکزی ٹرمینل کے شمال مغرب میں کھڑے طیارے نظر نہیں آتے۔نئے ٹھیکے کے ذریعے کنٹرول ٹاور کیلئے ایک اور عمارت تعمیر کی گئی۔آڈٹ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نئے ٹاور کی تعمیر، سامان کی ترسیل اور اضافی تنصیب کے باعث 10 کروڑ 10 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات ہوئے۔ بد انتظامی اور کمزور اندرونی کنٹرول کے باعث نقصان ہوا۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق اگست اور ستمبر 2020 میں معاملے کی نشادہی کی گئی تھی لیکن پراجیکٹ منیجمنٹ نے جواب نہیں دیا۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے نقصان کو پورا کیا جائے۔