• ملٹی پرپز ہال کی تعمیر کا کنٹریکٹ بھی خلاف ضابطہ دیا گیا  ۔ آڈٹ حکام

اسلام آباد  (ویب نیوز)

پبلک اکاونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی  کو آگاہ کیا گیا ہے کہ  اسلام آباد کلب کے پاس  32.5 ایکٹر اراضی لیز کے بغیر ہے، کلب نے مری روڈ پر پارکنگ  کے حوالے سے بھی تجاوز کیا ہے، ملٹی پرپز ہال کی تعمیر کا کنٹریکٹ بھی خلاف ضابطہ دیا گیا  ۔کمیٹی کا اجلاس  جمعہ کو کنوینر نواب شیر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں  کابینہ ڈویژن سے متعلق سال 2018-19 کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا ۔آڈٹ حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کلب کی جانب سے خلاف ضابطہ اورغیر مجاز طور پر ملٹی پرپز ہال کی تعمیر کا کنٹریکٹ دیا گیا،2016 میں 269 ملین کا کنٹریکٹ دیا گیا،   اور سی ڈی اے کی منظوری کے بغیر کام شروع  کردیا گیا تھا ، آڈٹ بریف میں یہ بھی بتایا کہ  بغیر ٹیکنیکل منظوری  کے کام کیا گیا۔آڈٹ حکام  نے کہا کہ نیب کو بھی کنٹریکٹ کی کاپی نہیں بھیجی گئی تھی۔، سیکرٹری کابینہ ڈویژن  نے کہا کہ ڈی اے سی میں ہمیں بتایا گیا کیس عدالت میں ہے،ہم ہائیکورٹ کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں،سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے کہا کہ کنٹریکٹر عدالت میں گیا ہوا ہے، سی ڈی اے  کی جانب سے کہا گیا تھا کہ کام فوری روکا جائے، جس پر اسلام آباد کلب کے  منصوبہ  پر کام رک گیا تھا اس پر مزید تعمیر نہیں ہوئی، انٹرنل آڈٹ افسر کے مطابق  اسلام آباد کلب ابھی تک یہ منصوبہ رکا ہوا ہے۔ آڈٹ حکام نے کہا کہ منصوبہ بند ہو گیا ہے توبند ہونے کا کوئی لیٹر نکال دیں پیرا ہم ختم کردیں گے،کنوینر کمیٹی نے ہدایت کی کہ آپ لیٹر نکال دیں کہ ہمیں کوئی نقصان نہیں ہوا اور آڈٹ کو دکھا دیں۔آڈٹ حکام نے یہ بھی انکشاف کیا کہ  اسلام آباد کلب کے پاس  32.5 ایکٹر اراضی لیز کے بغیر ہے،مری روڈ پر اسلام آباد کلب کی پارکنگ انکروچمنٹ ہے۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن  نے تجویز دی کہ ڈیمارکیشن (پیمائش) دوبارہ ہونی ہے، جب تک ڈیمارکیشن نہیں ہوتی اس آڈٹ پیرے کو موخر کردیا جائے ۔کمیٹی نے معاملے کو دوبارہ  محکمانہ آڈٹ کمیٹی (ڈی اے سی )کے سپرد کردیا