دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے، منصوبوں سے متعلقہ امور فی الفور نمٹائے جائیں، عثمان بزدار
لاہور (ویب ڈیسک)
حکومت پنجاب نے لاہور کے سروسز اور جناح ہسپتال میں جدید ایمرجنسی ٹاور کی تعمیر کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دونوں ہسپتالوں میں سٹیٹ آف آرٹ ایمرجنسی ٹاور بنانے کی اصولی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ دونوں منصوبوں کو جلد سے جلد حتمی شکل دی جائے، منصوبوں سے متعلقہ امور فی الفور نمٹائے جائیں، منصوبوں کے حوالے سے ٹائم لائن طے کر کے مزید اقدامات کئے جائیں، سروسز ہسپتال اور جناح ہسپتال کے نئے ایمرجنسی ٹاور عالمی معیار کے مطابق ہونے چاہئیں، یہ دونوں منصوبے کم سے کم مدت میں مکمل کئے جائیں، ایمرجنسی ٹاورز بننے سے مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں ملیں گی۔عثمان بزدار نے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے، پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا۔قبل ازیں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلی، سیکرٹری صحت، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے جاری پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، تونسہ میں کینسر ہسپتال کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔