نگران وزیراعلی کا سروسزہسپتال کا 3 گھنٹے طویل دورہ،وارڈز میں خراب بیڈز، بدبودارمیٹرس، اے سی بند، مریضوں کا حبس سے برا حال

ناقص صفائی ، آپریشن تھیٹرزکی ابترصورتحال، طبی سہولتوں کا فقدان،وزیر اعلی ہسپتال کی حالت زارپر شدیدبرہم

 اے سی کی دیکھ بھال کے کنٹریکٹرکو 7 ماہ سے ادائیگی نہ ہونے پر ڈائریکٹر فنانس کی سرزنش ،فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم

سروسز ہسپتال کی پارکنگ کے حوالے سے اوورچارجنگ کی شکایات،ٹھیکہ منسوخ ، لاہور پارکنگ کمپنی کو پارکنگ کاانتظام سنبھالنے کی ہدایت

 پرانے بیڈ اور میٹرس تبدیل کرنے کا حکم، ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا اعلان،فوری طور پر ماسٹر پلان طلب

ڈائیلسز، میڈیکل، سرجیکل ، آئی ، نیورو، گیسٹرالوجی یونٹ ، پاپولیشن ویلفیئر سنٹر،پولیس چوکی ، پارکنگ اور میڈیسن سٹورکا دورہ

 آپریشن تھیٹرزاور سٹور روم کا معائنہ کیا،زیر علاج مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولتوںکے بارے پوچھا ،مریضوں اور تیماردارو ں کی شکایات

محسن نقوی کی ڈائیلسز یونٹ میں زیر علاج نوجوان طلحہ کا کڈنی ٹرانسپلانٹ کرانے کی ہدایت ، نئی ایمرجنسی کا معائنہ کیا، تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

نئی ایمرجنسی کو 7 روز کے اندر فنکشنل کرنے کا حکم، تعطیلات کے دوران بھی کام جاری رکھنے کی ہدایت

درجنوں ہسپتالوں کے وزٹ کئے، سب سے بری اور بدترین حالت سروسز ہسپتال کی ہے، دشمن کو بھی اس ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں نہ بھیجوں

روز آنا پڑا تو آئیں گے، ہسپتال کو بہتربنائیں گے،جتنا بھی وقت ہے ، بہترین ہسپتال بنانے کیلئے صرف کریں گے:محسن نقوی

لاہور (ویب  نیوز)

نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے  سروسزہسپتال کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیاـ وارڈز میں خراب بیڈز، بدبودارمیٹرس، اے سی بند، مریضوں کا حبس سے برا حال ، ناقص صفائی ، آپریشن تھیٹرزکی ابترصورتحال اور طبی سہولتوں کے فقدان تھاـوزیر اعلی محسن نقوی سروسز ہسپتال کی حالت زاردیکھ کر شدید برہم ہوئےـ محسن نقوی نے اے سی کی دیکھ بھال کے کنٹریکٹرکو 7 ماہ سے ادائیگی نہ ہونے پر ڈائریکٹر فنانس کی سرزنش کی اور فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیاـمحسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی پارکنگ کے حوالے سے اوورچارجنگ کی شکایات پر پارکنگ کا ٹھیکہ منسوخ کرتے ہوئے لاہور پارکنگ کمپنی کو سروسز ہسپتال کی پارکنگ کا انتظام سنبھالنے کی ہدایت کیـ وزیراعلی محسن نقوی نے پرانے بیڈ اور میٹرس تبدیل کرنے کا حکم دیااور اے سی کے کنٹریکٹرکوجلد ادائیگی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وارڈز میں اے سی کو فوری طور پر فنکشنل اور خراب اے سی کوتبدیل کیا جائےـ محسن نقوی نے ہسپتال کی اپ گریڈیشن کا اعلان کیا اور فوری طور پر ماسٹر پلان طلب کرتے ہوئے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو سروسز ہسپتال کا ماسٹر پلان تیارکرنے کی ہدایت کیـ وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈائیلسزیونٹ ، پاپولیشن ویلفیئر کے سنٹر،پولیس چوکی ، پارکنگ ، میڈیسن سٹورکا وزٹ کیاـانہوں نے  سرجیکل یونٹ، آپریشن تھیٹرز ، آئی سی یو ، نیورو وارڈ، گیسٹرالوجی و لیور یونٹ، میڈیکل یونٹ اور آئی وارڈ کا بھی معائنہ کیااورزیر علاج مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولتوںکے بارے پوچھا ،مریضوں اور تیماردارو ں نے طبی سہولتو ں کے فقدان، صفائی کے ناقص انتظامات اور اے سی کی بندش کے بارے شکایات کیں ـوزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال انتظامیہ کو مریضو ں کو معیاری علاج معالجے فراہم کرنے کیلئے ہدایات دیںـمحسن نقوی نے ڈائیلسز یونٹ میں زیر علاج نوجوان طلحہ کا کڈنی ٹرانسپلانٹ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلحہ کے علاج کی بابت روانہ کی بنیاد پر مجھے رپورٹ دی جائے ـمحسن نقوی نے کہا کہ مجھے یہ پرانے اور ٹوٹے ہوئے بیڈ آئندہ نظر نہ آئیں، اگلے ہفتے پھر سے وزٹ کروں گاـمیڈیسن سٹور میں ادویات ہر وقت موجود ہونی چاہئیں ـمحسن نقوی نے میڈیسن سٹور میں ادویات اور انجکشن کیلئے کولنگ کو برقرار رکھنے کی ہدایت کیـمحسن نقوی نے سٹورروم کا بھی دورہ کیا ـوزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی کا معائنہ کیا اورتعمیراتی کاموں کا جائزہ لیااور نئی ایمرجنسی کو 7 روز کے اندر فنکشنل کرنے کا حکم دیاـ محسن نقوی نے کہا کہ نئی ایمرجنسی کی جلد تکمیل کے لئے تعطیلات کے دوران بھی کام جاری رکھا جائے اورنئی ایمرجنسی میں معیاری کام کو یقینی بنایا جائے ـ محسن نقوی نے  میڈیکل ایمرجنسی میں سیوریج اور نکاسی کے نظام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کیـانہوں نے کہا ہے کہا کہ لاہور کے مرکز میں واقع سروسز ہسپتال کی حالت دیکھ کر بہت افسوس ہوا ـ میں نے درجنوں ہسپتالوں کے وزٹ کئے ہیں سب سے بری اور بدترین حالت سروسز ہسپتال کی ہے ـ کسی دشمن کو بھی اس ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں نہ بھیجوں جو حالت ان آپریشن تھیٹرز کی میں نے دیکھی ہے ـ انہوںنے کہا کہ ہمیں روز آنا پڑا تو روز آئیں گے اور اس ہسپتال کو بہتربنائیں گےـجتنا بھی وقت ہے سروسز ہسپتال کو بہترین ہسپتال بنانے کیلئے صرف کریں گےـمحسن نقوی نے کہا کہ ڈائریکٹر فنانس ایئرکنڈیشنرز کی دیکھ بھال کے حوالے سے ادائیگیوں پر بالکل مطمئن نہیں کر سکےـگرمیاں شروع ہوئے3 ماہ ہو چکے ہیں،اے سی کی دیکھ بھال کیلئے 7 ماہ سے فنڈز جاری نہیں ہوئے ـصوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت ، ایم ایس سروسز ہسپتال ڈاکٹر منیر ملک ، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھےـ