کوئی جنگجو ہیلی کاپٹر پر چڑھ بیٹھا تو کسی نے طیارے میں پائلٹ کی نشست سنبھال لی اور اڑان بھرنے کی ایکٹنگ کرکے لطف اندوز ہوتے رہے
کابل (ویب ڈیسک)
امریکہ 20سال کی طویل جنگ کے بعد افغانستان سے ناکام و نا مراد واپس لو ٹ کر پیچھے کئی جنگی طیارے، ہیلی کاپٹرز اور آلات جنگ ناکارہ بنا کر چھوڑ گیا ،امریکی جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹرز طالبان کی تفریح کا سامان بن گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے بتایا ہے کہ افغانستان میں 73کے قریب طیارے، ہیلی کاپٹرزاور 70مسلح گاڑیاں چھوڑ آئے ہیں تاہم ان سب کو ناکارہ بنادیا ہے تاکہ کسی کے استعمال میں نہ آسکیں۔جیسے ہی امریکا کی آخری پرواز نے کابل کو چھوڑا ویسے ہی طالبان کی اسپیشل فورس بدری 313 نے اندر داخل ہوکر سرچ آپریشن کیا اور ایئرپورٹ کی کلیئرنس دی جس کے بعد ترجمان طالبان اپنی ٹیم کے ہمراہ دورے پر آئے اور میڈیا سے گفتگو کی۔میڈیا سے گفتگو کے بعد طالبان رہنماوں نے امریکی فوج کے چھوڑے گئے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں جبکہ جنگجو ان طیارے اور ہیلی کاپٹرز کے ساتھ شغل میں مصروف ہوگئے۔کوئی جنگجو ہیلی کاپٹر پر چڑھ بیٹھا تو کسی نے طیارے میں پائلٹ کی نشست سنبھال لی اور اڑان بھرنے کی ایکٹنگ کرکے لطف اندوز ہوتے رہے۔ایسا لگ رہا تھا جیسے طویل اور تھکا دینے والی جنگ کے بعد طالبان اپنی فتح کے پرمسرت لمحات سے لطف اندوز ہو رہے ہوں۔طالبان نے فتح کی خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی کی اور امریکی طیاروں پر امارت اسلامی کا پرچم بھی لہرایا۔واضح رہے کہ اس سے قبل کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد طالبان جنگجووں کی پارک میں جھولا جھولتے اور ڈوجنگ کار چلاتے ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں۔
#/S