اس طرح کے فیصلوں اور اقدامات سے رشوت کا ایک نیا راستہ کھل جائے گا ‘ مرکزی صدر اشرف بھٹی
لاہور (ویب ڈیسک)
آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کورونا ویکسی نیشن سے متعلق پابندیاں لگانے بارے عجلت میں فیصلہ کرنے کی بجائے نتائج حاصل کرنے کیلئے آگاہی مہم اوراس کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ شروع کرے ،ضلعی انتظامیہ کے افسران کیوں اس طرح کے فیصلے کرتے ہیں جس سے انہیں سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ویکسی نیشن کی چیکنگ سے متعلق کیا میکنزم ہوگا اس بارے کسی تاجر تنظیم سے کوئی رابطہ کیا گیا اور نہ حکمت عملی مرتب کی گئی ہے ۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت ویکسی نیشن سے متعلق خوف و ہراس پھیلانے اور ڈنڈے کا استعمال کرنے کی بجائے آگاہی اور شعور کے ذریعے اپنا اعتماد بحال کرے ۔ بتایا جائے حکومتی سطح پر کورونا ویکسی نیشن کرانے سے متعلق کیا شعور اور آگاہی دی گئی ہے ، کورونا ویکسی نیشن سے متعلق افواہوں کے تدارک کے لئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا ویکسی نیشن سے متعلق پابندیوں کا فیصلہ عجلت میں کیاگیا ہے جس کے منفی نتائج برآمد ہوں گے ، اس طرح کے اقدامات سے رشوت کا ایک نیا راستہ کھل جائے گا اور حکومت کی ویکسی نیشن کے لئے کاوشیں کامیابی سے دوچار نہیں ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ویکسی نیشن سے متعلق تاجر تنظیموں سے مشاورت کرے ، تاجروں ، عملے اور خریداری کے لئے آنے والوں سے متعلق کسی بھی طرح کی پابندی کی بجائے ویکسی نیشن کرانے کے لئے حکمت عملی مرتب کی جائے۔