مختلف شہروں میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریبات اور سیمینارزکا انعقاد، شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی
اسلام آباد ،کراچی (ویب ڈیسک)
وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یومِ دفاع بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو قوم کا سلام اور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کے ظالمانہ چنگل سے آزاد کرانے کے لیے مساجد میں فجر کے بعد خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا جبکہ شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔6ستمبر کی مناسبت سے کراچی میں بانی پاکستان،بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی کے چا ق و چوبند کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈ کے فرائض سنبھالئے ۔اس موقع پر مہمان خصوصی کو جنرل سیلوٹ پیش کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی ایئر وائس مارشل قیصر خان جنجوعہ ( ستارہ امتیاز ملٹری )نے مزار پر حاضری دی ،پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی ، مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بھی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ نیول افسران، چیف پیٹی افسران، سیلرز اور شہدا کے اہلخانہ نے تقریب میں شرکت کی۔یاد گار شہدا پر نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی۔ پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی جبکہ نیول چیف امجد خان نیازی نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔ملک کے مختلف شہروں میں یوم دفاع کے حوالے سے تقریبات اور سیمینارزکا انعقاد کیا گیا ۔