• قائد واقبال کے مزاروں پر گارڈز تبدیلی کی تقریبات منعقد ہوئیں ،جلسے ، ریلیوں ،کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد ، لاہور ،کراچی (ویب نیوز)

ملک بھر میں یوم پاکستان بھر پور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ یوم پاکستان کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی دی گئی۔صبح کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد شکرانے کے نوافل سے ہوا جبکہ تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران جام شہادت نوش پانے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح جبکہ لاہور میں شاعر مشرق، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات بھی منعقد ہوئیں۔اس موقع پر مختلف شہروں میں جلسے جلوسوں، ریلیوں کا بھی انعقاد کیا گیا اور قرار داد پاکستان کے حوالے سے تجدید عہد کیا۔23مارچ کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ 23 مارچ کے موقع پر حکومت کی جانب سے عام تعطیل کے اعلان کے باعث سٹیٹ بینک آف پاکستان، سٹیٹ بینک بینکنگ سروسز آف پاکستان، تمام شیڈولڈ بینک، مالیاتی ادارے، چیمبرز آف کامرس، سٹاک مارکیٹس گا رنٹیز لمیٹڈ، عدالتیں اور تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے  بند رہے۔