ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، مسلح افواج کی شاندار پریڈ ، سعودی وزیر دفاع مہمان خصوصی تھے
مرکزی تقریب شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں منعقد ، صدرمملکت ، وزیراعظم، آرمی چیف سمیت ملکی وغیرملکی شخصیات کی شرکت
فوجی دستوں کی پریڈ ،ایس ایس جی کمانڈوز نے خوب داد سمیٹی،چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل تھے
مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا،آرمی سکول آف میوزک کے دستے کا سولو ڈرم کا مظاہرہ کیا
دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی ، مساجد میں خصوصی دعائیں ،لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی
اسلام آباد( ویب  نیوز)

ملک بھر میں یوم پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ، دن کا آغاز ہوتے ہی پاک فوج کی جانب سے توپوں کی سلامی دی گئی۔یوم پاکستان کے موقع پر دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعائوں کے ساتھ کیا گیا جبکہ پاک فوج نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی ۔توپوں کی سلامی دینے کی تقریب میں موجود پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر بلند کیا، فضا اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، جوانوں اور افسران کی جانب سے ملک کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعائیں بھی کی گئیں۔ اس موقع پر اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں مسلح افواج کے دستوں نے شاندار پریڈ کی ۔مرکزی پریڈ میں مسلح افواج کے جوانوں نے مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا، چین اور دوست ملک آذربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں شامل تھے ،دوسری طرف تمام ہی فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکا کے سامنے پیش کیا۔آرمی سکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔تقریب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف سمیت ملکی وغیرملکی شخصیات نے شرکت کی ہے۔صدر مملکت آصف علی زداری نے مسلح افواج کی مشترکہ مرکزی پریڈ کا معائنہ کیا۔سعودی عرب کے وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن

عبدالعزیزالسعود بھی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ مسلح افواج کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر شامل تھے، فلائی پاسٹ میں ونگ کمانڈر حسن صدیقی کی قیادت میں ایف 16 لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ کیا۔فلائی پاسٹ میں ایف 7 پی جی چیتا اور جے 10 سی، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی، جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں نے شاندار مظاہرہ پیش کیا۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گرائونڈ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کی تصویروں کے بل بورڈز نصب کئے گئے اور گرائونڈ کو خصوصی طور پر خوبصورت پھولوں اور پودوں سے سجایا گیا۔یوم پاکستان کی پریڈ میں گلگت بلتستان سکائو ٹس، چین اور آذربائیجان کے دستے بھی شامل ہوئے جبکہ وفاقی اکائیوں کی خوبصورت اور متنوع ثقافت کی نمائندگی کرنے والے روایتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ تھے۔یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، ایئر وائس مارشل طارق محمود نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے مزار اقبال پر سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کئے ۔نماز فجر کے اجتماعات میں ملک و ملت کی سلامتی اوراستحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جبکہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔  ۔یوم پاکستان کے موقع پر کراچی میں قائد اعظم میوزیم میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی اور ملی نغمے پیش کئے ۔قریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے شرکت کی اور ملی نغمے پیش کئے ، اس موقع پر منفرد بینڈ نے خوبصورت دھنیں بجائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائداعظم کے بھتیجے لیاقت مرچنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان بڑی قربانیوں سے حاصل ہوا۔ انہوںنے کہا کہ ہم جس مقام پر موجودہیں یہ بانی پاکستان کی رہائش گاہ ہے،ہمیں مرتے دم تک وطن سے محبت کرنی ہے۔لیاقت مرچنٹ نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔سیاسی اورمذہبی جماعتوں کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے سیمینار اور کانفرنسوں کا انعقاد اور ریلیاں نکالی گئیں ۔