معاون خصوصی برائے صحت کی آبپارہ ایم سی ایچ سینٹر کا دورہ کے موقع پر گفتگو
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے آبپارہ ایم سی ایچ سینٹر کا اچانک دورہ کیا اور سینٹر میں دی جانے والی ماں بچے کی صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے علاج کے لیے آنے والے مریضوں سے علاج کی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔اس موقع پر ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ حکومت ماں اور بیٹے کی صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور عوام کو صحت کی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے جذبے اور لگن سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے جبکہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہسپتالوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ مجھے بڑی خوشی ہوئی کہ ہسپتال کا عملہ لگن اور جذبے سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف، نرسز اور ڈاکٹرز کو اس وقت عزت ملتی ہے جب مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات میسر ہوتی ہیں۔