جنوبی وزیرستان میں آپریشن، 5 دہشت گرد مارے گئے، 7 جوان شہید
وزیر داخلہ کا پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پردکھ کا اظہار
دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے،شیخ رشید احمد
راولپنڈی ،وانا(ویب نیوز)جنوبی وزیرستان کے علاقے آسمان منزا میں سیکورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعا ت پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 7 جوان شہید جبکہ پانچ دہشت گرد بھی مارے گئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے ضلع آسمان منزا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا ۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 7 جوان بھی شہید ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی جانب سے مزید دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کیلیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلی گئیں تھیں،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پرغم کا اظہار کرتے ہوئے وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں پر پوری قوم کو ناز ہے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔