لاہور کو کنکریٹ کا جنگل نہیں بنانا، باغوں کا شہر بنایا جائے،عمران خان
سڑکوں کی مرمت کی جائے، پارکوں کی تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے
31 دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا جائے گا، وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب
لاہور(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ لاہور کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں، سڑکوں کی مرمت کی جائے، پارکوں کی تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے ،شہر کو کنکریٹ کا جنگل نہیں بنانا، باغوں کا شہر بنایا جائے، 31 دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا جائے گا۔و زیراعظم عمران خان کی زیر صدارت لاہور کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا محمود الرشید ، میاں اسلم اقبال، ڈاکر مراد راس، ڈاکٹر یاسمین راشد اور اسد کھوکھر سمیت دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ایل ڈی اے کی جانب سے لاہور میں جاری ترقیاتی منصوبوں، لاہور کی تزئین و آرائش اور خوبصورت بنانے کے لیے جاری منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے منصوبوں کو ٹائم فریم میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعظم کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ گنگا رام میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کو جون 2022 میں فعال کر دیا جائے گا، وزیراعظم کو لاہور میں نئے اسپتالوں کے قیام میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ 31 دسمبر تک پنجاب کے ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ فراہم کیا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ لاہور میں پارکوں کی تزئین و آرائش کو یقینی بنایا جائے۔ لاہور باغات کا شہر مشہور تھا اسے دوبارہ باغات کا شہر بنائیں۔ لاہور کو کنکریٹ کا جنگل نہیں بنانا، باغوں کا شہر بنایا جائے۔ لاہور کو سر سبز بنانے کے لیے اقدامات کئے جائیں، درخت زیادہ سے زیادہ لگائے جائیں، ماحولیات کے کیلئے درخت لگانا بہت ضروری ہے۔ سکولوں میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ لاہور کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں ، سڑکوں کی مرمت کی جائے۔
#/S