جدید سسٹم میں کپڑے دھونے ،خشک اور استری کرنے تک کے تمام مراحل آٹو میٹک طریقہ سے پایہ تکمیل تک پہنچتے ہیں:پروفیسر خالد محمود
مریضوں و عملے کے کپڑے و کٹس کو جراثیم کش کیمیکل سے پاک کیاجائیگا،افرادی قوت کم لگے گی:ای ڈی
لاہور (ویب ڈیسک)
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ساڑھے4کڑور روپے مالیت کی جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ لانڈری سسٹم نصب کر دیا گیا ہے اور اس پلانٹ نے باقاعدہ طور پر کام بھی شروع کر دیاہے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ لانڈری کے اس جدید سسٹم میں کپڑے دھونے ،خشک اور استری کرنے تک کے تمام مراحل آٹو میٹک طریقہ سے پایہ تکمیل تک پہنچتے ہیںاور کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کپڑے دھوئے جا سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے جدید لانڈری پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پنز ڈاکٹر طاہر رشید ، انتظامی ڈاکٹرز ،نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم ،نرسنگ سٹاف و دیگر ملازمین بھی موجود تھے ۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس جدید پلانٹ کی تنصیب سے انسٹی ٹیوٹ کے وارڈز،آپریشن تھیٹر ، آئی سی یو کی بیڈ شیٹس ، مریضوں کے کمبل ،ڈاکٹروں کے ملبوسات و دیگر طبی کٹس کو صحیح طریقے سے جراثیم کش کیمیکل کے استعمال سے پاک بنایا جا سکے گا جبکہ اس سسٹم کے ذریعے زیادہ افرادی قوت کی ضرورت بھی باقی نہیں رہے گی اور مشینوں پر کام کرنے والا عملہ ہر قسم کے انفکیشن سے محفوظ رہے گا۔ صحافیوں سے گفتگو میں پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ صحت کی معیاری طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی بھی بہت اہمیت کی حامل ہے ،سرجنز کی محنت اُسی صورت میں رنگ لا سکتی ہے جب انفیکشن سے پاک ماحول دستیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ انفکیشن فری انوائرنمنٹ مریض کی جلد صحت یابی میں بہت کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور مریض کو اینٹی بائیو ٹک ادویات زخم مندمل ہونے کے لئے کم استعمال کرنا پڑتی ہے جس سے مریض اور ہسپتال پر مالی بوجھ کم پڑتا ہے اور بیڈایکوپینسی ریٹ کم ہوتا ہے ۔پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ مشین کو آپریٹ کرنے والے سٹاف کا ہر 6ماہ بعد طبی معائنہ و بلڈ سکریننگ ہوگی تاکہ اُس کی جسمانی صورتحال واضح ہو سکے ۔ایم ایس ڈاکٹر طاہر رشید نے کہا کہ یہ ہسپتال ہمارے گھر جیسا ہے ہمیں چاہیے کہ یہاں کی صفائی اور مہنگے ترین آلات کی خود حفاظت کریں ،حکومت نے مریضوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وافر مقدار میں فنڈز فراہم کیے ہیں اب ملازمین کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو صاف ،شفاف ماحول طبی سامان اور کوالٹی ہیلتھ کئیر مہیا کریں ۔ نرسنگ سپرننٹنڈنٹ رضیہ شمیم ،بینش اور حمیرا کا کہنا تھا کہ اب راؤنڈ دی کلاک مریضوں کو صاف ستھری بیڈ شیٹس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ روائتی طریقے سے کپڑے دھونے کی بجائے عالمی معیار کی لانڈری سسٹم کی تنصیب سے انفیکشن کے خاتمے میں بہت بڑا ریلیف ملے گا اور لانڈری پروسیسنگ میں استعمال ہونے والی سہولیات ،استعمال اور طریقوں میں انقلاب برپا ہوگیا ۔مشین میں صابن کے علاوہ جراثیم کش ادویات کے استعمال سے بیکٹیریا ختم ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پنز کو انفیکشن فری بنانے کے لئے ملازمین کو تربیتی ورکشاپ کروائی جا رہی ہیں بالخصوص نرسنگ سٹاف کو ماحولیاتی آلودگی کے ذرائع ،صاف لباس،متعددی بیماریوں کی منتقلی کے ساتھ ساتھ ماحول کے بارے میں آگاہ رکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیورو انسٹی ٹیوٹ انتظامیہ نے ہائی جین barrier واشل سسٹم نصب کیا ہے جو دنیا کی معروف کمپنی نے تیار کیا ۔اس ہسپتال میں استعمال ہونے والے کپڑوں کا رنگ بھی مدھم نہیں ہوگا اور پھٹنے کے امکانات بھی محدود ہو جائیں گے مجموعی طور پر اس لانڈری سسٹم کے نصب ہونے سے ڈاکٹروں اور مریضوں کیلئے سہولتوں میں مزید اضافہ ہوگا.