ایف بی آر کی تاجر و معیشت دشمن اقدامات کے با عث ملک میں کاروبار کرنا مشکل تر ہو تا جا رہا ہے۔ محمد کاشف چوہدری
تاجروں کے کاروباری مراکز پر پوائنٹ آف سیلز مشینیں نصب کرنا ملکی معیشت کو کمزور کرنے اور کاروباروں کو تباہ کرنے کی سازش ہے
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ پوائنٹ آف سیل، بجلی کے بلوں میں صدارتی آرڈیننس کے زریعے اضافی ٹیکسز کے نفاذ ،چھوٹے تاجروں کی جبری سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے خلاف27 ستمبر کو ملک بھر کے تاجر وزارت خزانہ کا گھیراؤ کریں گے ، ایف بی آر کی تاجر و معیشت دشمن اقدامات کے با عث ملک میں کاروبار کرنا مشکل تر ہو تا جا رہا ہے ، تاجروں کے کاروباری مراکز پر ہزار مربع فٹ اور دوہزار مربع فٹ کے نام پر پوائنٹ آف سیلز مشینیں نصب کرنا ملکی معیشت کو کمزور کرنے اور کاروباروں کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے27ستمبر کو وزرت خزانہ کے سامنے منعقد ہو نے والے دھر نے کے حوالے سے صو بائی تاجر رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔محمد کاشف چوہدری نے کہا حکو مت ملکی معیشت کی بہتری اور ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے تا جروں کے ساتھ مشاورت کرکے فیصلے کر ے تو اس سے معیشت بھی بہتر ہوگی اور ریونیو بھی زیادہ اکٹھا ہو گا ، نافذ شدہ سیلز ٹیکس امپورٹ اور مینوفکچرنگ کے وقت وصول کر لیا جاتا ہے اس کے بعد دکاندار کے معمولی شرح منافع پر ویلیو ایڈیشن ٹیکس وصول کرنے کیلئے چھوٹے تاجروں کی جبری سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے ریاستی آمدن میں اضافہ نہیں بلکہ تاجروں کیلئے تہری اور پیچیدہ و مشکل ڈاکومنٹیشن ، چارٹرڈ اکاوٹنٹ ،اضافی اکاونٹس اسٹاف تاجروں کے اخراجات میں اضافہ کرنے اور ایف بی آر اہلکاروں کی کرپشن و بلیک میلنگ کے نئے راستے کھولنے کا باعث بنے گا، انھوں نے کہا 23ستمبر کو ملک گیر تاجر کنونشن ملتان میں منعقد ہو گا، انھوں نے کہا اگر حکومت نے تاجروں کودر پیش مسائل کو حل نہ کیا تو ملک گیر مشاورتی عمل کے بعد پورے ملک میں شٹرڈان ہڑتال کا اعلان کیا جا ئے گا جو پھر مسائل کے حل تک جاری رہے گی۔