اسلام آباد (ویب ڈیسک)
مہلک عالمی وباء کوروناوائرس کے باعث ملک بھر میں مزید58مریض انتقال کر گئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی کل تعداد27432تک پہنچ گئی جبکہ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوروناوائرس کے2357نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ملک میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد61558تک پہنچ گئی۔ملک میں کوروناوائرس کے کیسز کے مثبت آنے کی شرح4.89فیصد تک پہنچ گئی ۔ این سی او سی کے مطابق اب تک5 کروڑ54لاکھ90ہزار525 افراد کو کوروناوائرس ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی ہے جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران4لاکھ56ہزار174افراد کو کوروناوائرس ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی۔ اب تک2کروڑ 48لاکھ68ہزار18افراد کو مکمل کوروناوائرس کی ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں3لاکھ50ہزار976افراد کو کوروناوائرس ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی۔ اب تک ملک بھر میں کوروناوائرس ویکسین کی7 کروڑ48لاکھ37ہزار117خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں8 لاکھ7ہزار310کوروناوائرس ویکسین کی خوراکیں لگائی گئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی)کی جانب سے جمعرات کے روز ملک میں کوروناوائرس کے حوالے سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اب تک کوروناوائرس کے کل رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 12لاکھ32ہزار595تک پہنچ گئی۔ اب تک ملک بھر میں کوروناوائرس کے11 لاکھ43 ہزار605مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔اس وقت ملک میں کوروناوائرس کے تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد4561تک پہنچ گئی۔ این سی اوسی کے مطابق پاکستان میں کوروناوائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی شرح2.2فیصد جبکہ صحت یاب ہونے والے مریضوں کی شرح92.8فیصد تک پہنچ چکی ہے۔گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کوروناوائرس کے2688مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں سمارٹ لاک ڈائون کے تحت پابندیاں ختم
وزیر اوقاف پنجاب سید سعیدالحسن نے داتا دربار آمد پر مزار کے دروازے خود کھول کر حاضری دی اور دعا کی
لاہور سمیت پنجاب بھر میں سمارٹ لاک ڈائون کے تحت پابندیاں ختم ہوگئیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں مزارات کو 30 سال سے زائدعمر کے زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔وزیر اوقاف پنجاب سید سعیدالحسن نے داتا دربار آمد پر مزار کے دروازے خود کھول کر حاضری دی اور دعا کی ۔وزیر اوقاف سعید الحسن نے کہا کہ داتاگنج بخش کا عرس مبارک قریب ہے زائرین کے لیے ضروری ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کریں ۔اب بازار ہفتہ میں 6روز کھلے رہیں گے۔کاروبار کی اجازت رات 10 بجے تک دی گئی۔تفریحی مقامات50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دی گئی۔ پنجاب بھر میں آئوٹ ڈور تقریبات میں 400ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی۔ان ڈور تقریبات میں 200ویکسینیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت ہے۔ ان ڈور اور آئوٹ ڈور ڈائیننگ کی رات12 بجے تک اجازت ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد پنجاب میں سمارٹ لاک ڈائون میں نرمی کردی گئی، صوبے میں مارکیٹیں رات 10بجے تک کھل سکیں گی۔