(ن) لیگ تین دھڑوں میں تقسیم ہو گی، شیخ رشید کی پیشگوئی
شہباز شریف کہتے ہیں کہ تحریک انصاف دفن ہوجائیگی، وہ 2 سال بعد اپنے لیے دم درود کروائیں، اپنے لیے سوچیں
الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں اور جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے،میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(ویب نیوز)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)تین دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی۔اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف دفن ہوجائے گی، وہ 2 سال بعد اپنے لیے دم درود کروائیں، اپنے لیے سوچیں، آپ کے خاندان میں وراثت کی لڑائی شروع ہوچکی ہے جو 2 سال بعد نہ جانے کس نتیجے پر پہنچے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیڑھ سال قبل میں نے پیش گوئی کی تھی کہ ن میں سے ش الگ ہوجائے گی، اب میں کچھ اور نکلتا ہوا بھی دیکھ رہا ہوں، پہلے میرا خیال تھا کہ 2 گروپس ہوں گے، اب میں یہ پیش گوئی کرتا ہوں کہ 3 گروپس ہوں گے۔ ا نہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ 2 سال بعد ہونے انتخابات شفاف ہوں اور ان میں کوئی دھاندلی نہ ہو تو ان سے یہ وعدہ ہے کہ آئندہ انتخابات شفاف اور درست ہوں گے، شہباز شریف یہی آپ کا مطالبہ ہے اور یہی عمران خان کی رائے ہے کہ مشین کے ذریعے انتخابات ہوں، اچھی بات ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں اور جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے،حکومت اور الیکشن کمیشن کے درمیان بہتر فضا ہونی چاہیے تاکہ ملک میں منصفانہ اور شفاف الیکشن ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ میرے نام سے پیغامات چلائے گئے کہ میں نے چیف الیکشن کمشنر کی حمایت کے لیے خط لکھا تھا، میں نے خط وفاقی محتسب کے لیے لکھا تھا۔بعدازاں سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 2 روز کے دوران 4 قتل کی وارداتوں کی وجہ بنی گالہ میں پراپرٹی کے معاملات تھے، پاکستان میں اراضی کی قیمتیں انتہائی بلند ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے یہ قتل ہوئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں 2 سال بعد ایک نیا سیاسی ماحول دیکھ رہا ہوں جس میں آج جیسے حالات نہیں ہوں گے، مسلم لیگ (ن)انتشار، خلفشار اور باہمی جوڈو کراٹے سے دوچار ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں القاعدہ، داعش، کالعدم ٹی ٹی پی، بیت الاسلام سمیت انتہا پسند تنظیموں کا خطرہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج بے انتہا صلاحیتوں سے مالا مال ہے اور دہشت گردی کے خلاف پہلے سے کہیں زیادہ جذبہ رکھتی ہے، اگر ملک میں کسی دہشت گردی نے سر اٹھایا اسے کچل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو ہائیڈ پارک بنا دیا گیا ہے، پہلے یہاں پہنچنا بہت مشکل کام ہوتا تھا اس لیے پولیس کو مزید فعال ہونے کی ہدایت کردی گئی ، اسلام آباد ایک حساس علاقہ ہے یہاں دنیا بھر کا میڈیا موجود ہے، شہر کو اکھاڑا نہ بنایا جائے، امن و امان سے مذاکرات کے لیے ہم بات چیت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے شناختی کارڈ، ویکسینیشن اور پاسپورٹ کو دنیا میں بدنام کیا جارہا ہے اس کی اہمیت پر سوالیہ نشانات لگائے جارہے ہیں، پاسپورٹ کی سکیورٹی کے لیے 15 مزید انٹریز کررہے ہیں اور شناختی کارڈ پر بھی نظرِ ثانی کرنے جارہے ہیں، ہم تینوں چیزوں کو محفوظ بنادیں گے۔انہوں نے کہا کہ طورخم اور چمن بارڈر پر آئی بی ایم ایس لگادیا گیا تا کہ آنے جانے والے افراد کا ڈیٹا موجود ہو لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ افغانستان جانے والے افراد کی تعداد وہاں سے پاکستان آنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔چہلم امام حسین پر موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ضرورت کے تحت بعض علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، صوبائی حکومت، ایڈمنسٹریشن جہاں ڈیمانڈ کرے گی وہاں منگل کو موبائل سروس معطل رہے گی۔