کراچی کی بہتری کیلئے سندھ اور وفاقی حکومت کوساتھ چلنا پڑے گا، وزیراعلی سندھ سے کہتاہوں بنڈل آئی لینڈ منصوبے پر نظرثانی کریں۔عمران خان

بنڈل آئی لینڈ منصوبے کیلئے باہر سے لوگ پیسے لانے کوتیارہیں، اوورسیز پاکستانی ہماری ضرورت ہیں، پاکستان میں ڈالر آئیں گے تو کرنسی مستحکم ہوگی

ترقی یافتہ ملکوں کی ترقیوں کو عمومی طور پرایک شہر لیڈکرتا ہے۔انگلینڈ میں لندن،امریکامیں نیویارک اور پاکستان میں کراچی ہے

کراچی (ویب ڈیسک)

وزیراعظم عمران خان نے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور کہا کراچی کی بہتری کیلئے سندھ اور وفاقی حکومت کو ملکر چلنا پڑے گا، وزیراعلی سندھ سے کہتاہوں بنڈل آئی لینڈ منصوبے پر نظرثانی کریں۔تفصیلات کے مطابق کینٹ اسٹیشن پرجدیدکیسی آرکاسنگ بنیادرکھنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی ہیں جبکہ گورنرسندھ عمران اسماعیل،وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ سمیت وفاقی وزرا اسدعمر، علی زیدی ، فوادچوہدری اور دیگر افراد بھی شریک تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے کے افسران اور مزدور بھی موجود ہیں یہ بڑاموقع ہے، آج ہم کراچی میں کیسی آر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں ، ترقی یافتہ ملکوں کی ترقیوں کو عمومی طور پرایک شہر لیڈکرتا ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کراچی کی اہمیت کا پوری طرح اندازا نہیں لگاسکتے، ہم سب جانتے ہیں کراچی 70کی دہائی میں کیاتھا، افسوس ہے 80کی دہائی میں کراچی میں انتشار شروع ہوا، ماضی میں کراچی پاکستان کو ساتھ تیزی سے اوپرجارہاتھا، انگلینڈ میں لندن،امریکامیں نیویارک اور پاکستان میں کراچی ہے۔کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا فائدہ پوریپاکستان کو ہوگا، بنیادی انفرااسٹرکچر میں سب سے اہم چیز شہر کا ٹرانسپورٹ ہوتا ہے ، کراچی کا دوسرا بڑا مسئلہ پانی کا ہے ، کیفور منصوبہ کراچی کیلئے نعمت ہوگی ، بریفنگ دی گئی ہے کہ 2سال میں منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی بہتری کیلئے سندھ اور وفاقی حکومت کوملکرچلناپڑیگا، سیاسی اختلاف بھلاکرملک اورسندھ کی خاطرکراچی میں ملکر چلنا پڑے گا، وزیراعلی سندھ سے کہتاہوں بنڈل آئی لینڈ منصوبے پر نظرثانی کریں۔راوی سٹی منصوبے سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ راوی سٹی لاہور کو بچانے کیلئے بنارہے ہیں، لاہور پھیلتا جارہاہے، ابھی سے پلاننگ نہ کی تو مسائل بڑھ جائیں گے، کراچی بھی تیزی سے بڑھ گیا ہے ہمیں اس کیلئے پلاننگ کرناہوگی۔بنڈل آئی لینڈ منصوبے کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ کوئی بھی حکومت صحیح معنی میں کراچی پر توجہ نہیں دے سکی، بنڈل آئی لینڈ منصوبے کیلئے باہر سے لوگ پیسے لانے کوتیارہیں، اوورسیز پاکستانی ہماری ضرورت ہیں، پاکستان میں ڈالر آئیں گے تو کرنسی مستحکم ہوگی، راوی منصوبے میں بھی باہر سے پیسہ آئیگا، بنڈل آئی لینڈ کا فائدہ سندھ کو ہوگا اس پر نظرثانی کی جائے۔وزیراعظم نے بتایا کہ کراچی میں گزشتہ سال سیلابی صورتحال تھی ،پھر ٹرانسفارمیشن پلان بنایاگیا، کراچی کے بڑے نالے صاف کئے گئے،این ڈی ایم اے کوخراج تحسین پیش کرتاہوں، بنڈل آئی لینڈ میں باہر سے سرمایہ کاری آئے گی ، بنڈل آئی لینڈ پر ہم سندھ حکومت سے بات کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کے سی آر منصوبہ 200ارب کی لاگت سے مکمل ہوگا، بڑے پراجیکٹ مشکل ہوتے ہیں اس کیلئے حکومت کی توجہ ضروری ہوتی ہے، کے سی آر کیلئے سندھ اور وفاقی حکومت کو مل کرزور لگانا ہوگا۔