روزانہ کی بنیاد پرویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہورہا ہے، مسلسل پانچویں دن ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ بنا ہے، ٹوئٹس

اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ امید ہے  اتوار کو  این سی او سی کے اجلاس میں سندھ حکومت لاک ڈائون سے متعلق معاملات پر تفصیل میں مشاورت کرے گی، روزانہ کی بنیاد پرویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہورہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے لکھا کہ جو سندھ میں صنعت اور ٹرانسپورٹ کی بندش کے بارے میں فیصلے کے گئے ہیں ان پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ ہم نے گزشتہ روز بھی اور ہفتے کے روز بھی اپنے نکتہ نظر سے آگاہ کیا تھا، جس کی بنیاد پر جزوی تبدیلی کی گئی ہے، جو خوش آئند ہے لیکن ابھی بھی مزید ترمیم کی ضرورت ہے۔اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ امید ہے کہ آج ( اتوار کو) این سی او سی کے اجلاس میں سندھ حکومت ان تمام معاملات پر مزید تفصیل میں مشاورت کرے گی اور مشاورت سے ایسی حکمت عملی وضع ہو گی جس میں ریاست کے سب ستون مل کر سندھ کے عوام کی صحت اور روزگار دونوں کا دفاع کریں۔ایک اورٹوئٹ میں سربراہ این سی اوسی اسد عمرنے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پرویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہورہا ہے، مسلسل پانچویں دن ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ بنا ہے۔اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ روزملک میں 9 لاکھ سے زائد ویکسی نیشن کی گئی۔ 2600 ویکسی نیشن سینٹرزاور2979 موبائل یونٹ پاکستان بھر میں ویکسی نیشن مہم کیلئے کام کررہے ہیں۔دوسری طرف این سی او سی کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے کورونا پھیلائوکے پیش نظر31جولائی سے8اگست تک پابندیوں کا نفاذ کیا، وفاق کے زیر انتظام بعض سیکٹرز بھی ایس او پیز کے تحت کام کرتے رہیں گے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشن معمول کے مطابق پہلے سے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق جاری رہیں گے، ریلوے 70 فیصد مسافروں کے ساتھ اپنا آپریشن جاری رکھے گی، وفاق کے زیرانتظام دفاترمیں عملے کی تعداد کم سے کم اور ایس او پیزکے مطابق فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج اور اس سے متعلقہ سروسز معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گی۔