میرا بس چلے نور مقدم کیس کے ملزمان کو  گولی مار دوں،شیخ رشید

 نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے ،پی ٹی آئی بہتر پوزیشن میں آرہی ہے

آزاد کشمیر کا وزیر اعظم اور کابینہ کیا ہو گی ، یہ وزیر اعظم عمران خان کو ہی پتہ ہے

سندھ میں لاک ڈائون کرکے صوبائی حکومت اپنا نقصان خود کریگی،تقریب سے خطاب

راولپنڈی (ویب  نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، میرا بس چلے نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں۔راوالپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ انتخابات اپنے وقت پر 2023 میں ہوں گے، سیاست دان ہمیشہ ایسی باتیں کرتے ہیں کہ 8 ماہ میں الیکشن ہونے ہیں۔ انہیں سمجھ آنی چاہیے پی ٹی آئی بہتر پوزیشن میں آرہی ہے، مستقبل میں سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔ میں نے بہت پہلے کہا تھا کہ (ن)سے (ش)نکلے گی ۔ آزاد کشمیر انتخابات میں بھی کہہ دیا تھا کہ پیپلز پارٹی دوسرے جب کہ (ن)لیگ تیسرے نمبر پر ہوگی اور ویسا ہی ہوا۔ آزاد کشمیر کا وزیر اعظم  اور کابینہ کیا ہو گی ،یہ وزیر اعظم عمران خان کو ہی پتہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی نے جن ٹیکسیوں میں سفر کیا ان کے ڈرائیوروں کو چھوڑ دیا گیا، یہ سب بے گناہ ہیں اور یہ کل 6 لوگ تھے، افغان سفیر کی بیٹی نے 6 ٹیکسی ڈرائیوروں کو ادائیگی کے ساتھ ٹپس بھی دیں۔ا نہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو تمام ریکارڈنگ اور دستاویزات دے دیئے ، میں ذاتی طور پر انہیں کچھ نہیں دے سکتا، یہ وزارت خارجہ کا کام ہے۔ اسلام آباد حساس شہر ہے، خطرات ہیں لیکن موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ لال حویلی کے قریب فائرنگ سے گھبرانے والے نہیں ،مجھ پر بھی حملے ہوئے ہیں،میڈیا کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری درخواست پر لال حویلی پر ہونے والی فائرنگ کی زیادہ کوریج نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ نور مقدم کیس کے ملزمان کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،میرا بس چلے نور مقدم قتل کے ملزم کو گولی مار دوں۔شیخ رشید نے میڈیا کو مخاطب کرکے کہا کہ جو پاگل لوگ ایسے جرائم کرتے ہیں انہیں زیادہ کوریج نہ دیں کیونکہ ایسے بیمار زہن کے لوگ زیادہ شہرت چاہتے ہیں۔سندھ میں لاک ڈائون کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ سندھ میں لاک ڈائون کرکے صوبائی حکومت اپنا نقصان خود کرے گی، انہیں وزیر اعظم کے سمارٹ لاک ڈائون کی نقل کرنی چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ عنقریب آپ اچھی اچھی خبریں سنیں گے، حکومت کے آخری دو سال صرف غریبوں کے لئے کام کروں گا، لئی ایکسپریس بن گئی تو سیاست سے ریٹائر ہوجائوں گا،میری زندگی کا مشن نالہ لئی کی تعمیر ہے اور نالہ لئی بنے گا تو ارد گرد کے لوگ سکون سے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوج سمیت سول ادارے بھی مستعد ہیں۔پاک چین دوستی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستانی قوم چین پر اعتماد کرتی ہے جبکہ بعض طاقتیں پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔