ننکانہ صاحب: بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تیاریاں مکمل، گوردوارہ جنم استھان کے نئے مرکزی گیٹ کا افتتاح

ننکانہ صاحب (ویب  نیوز) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک دیو جی مہاراج کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں ننکانہ صاحب میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تقریبات 22 سے 25 نومبر تک گوردوارہ جنم استھان میں منعقد ہوں گی، جبکہ جنم دن کی مرکزی تقریب اور نگر کیرتن 24 نومبر کو نکالا جائے گا۔ اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے گوردوارے کی تزئین و آرائش اور یاتریوں کی سہولیات میں اضافے کے تحت پرانے گیٹ کی جگہ نصب کیے گئے خوبصورت اور دیدہ زیب نئے مرکزی داخلی گیٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز/سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے مشترکہ طور پر نئے گیٹ کا افتتاح کیا۔ تقریب میں  ڈپٹی سیکرٹری شرائن سید فراز عباس،ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید، ڈی پی او ارسلان زاہد، اسسٹنٹ کمشنر ندا اقبال، سکھ رہنما سردار سرجیت سنگھ کنول سمیت سکھ برادری، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔افتتاح  کے بعد گوردوارہ جنم استھان میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور بورڈ افسران نے صوبائی وزیر کو سیکیورٹی، رہائش، قیام و طعام، لنگر، صحت اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتری ہمارے قابلِ احترام مہمان اور سر کا تاج ہیں، جن کی میزبانی کے لیے صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں نے جامع انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر 1947 سے بند متعدد تاریخی گوردواروں کی بحالی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ یاتریوں کی آمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، یورپ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سمیت دنیا بھر سے سکھ سنگتیں پاکستان پہنچ رہی ہیں، جبکہ بھارت سے 8 سے 10 ہزار یاتریوں نے آمد کی خواہش ظاہر کی ہے، تاہم دوطرفہ پروٹوکول کے تحت تقریبا 3 ہزار بھارتی یاتریوں کو اجازت ملنے کا امکان ہے۔کرتارپور راہداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان نے بابا گورونانک کے 550ویں جنم دن پر راہداری کھول کر سکھ برادری کو تاریخی تحفہ دیا تھا، لیکن بھارت نے مئی 2025 سے اسے اپنی جانب سے بند کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب گیند بھارت کے کورٹ میں ہے؛ بھارت خود کو سیکولر ریاست اور بڑی جمہوریت کہتا ہے، لہذا اسے سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر سکھ برادری کو اپنے مقدس مقامات تک رسائی دینی چاہیے۔ اس موقع پر سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے بتایا کہ چیئرمین بورڈ قمر الزمان کی ہدایات پر گزشتہ تین ماہ سے تقریبات کی تیاریاں جاری ہیں اور اندرونِ سندھ سے سنگتیں ٹرینوں اور بسوں کے ذریعے سب سے پہلے پہنچیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے مرکزی گیٹ کی تنصیب سے گوردوارہ جنم استھان کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوا ہے، جس میں سردار سرجیت سنگھ کنول اور دیگر سکھ شخصیات نے اہم کردار ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے کہا کہ شہر اور گوردوارہ جنم استھان کے گردونواح میں تزئین و آرائش، پارکوں کی بحالی اور نئی اسٹریٹ لائٹس لگانے کا کام جاری ہے تاکہ مہمان یاتری پاکستان سے خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں۔واضح رہے کہ گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب بابا گورونانک دیو جی کی جائے پیدائش ہونے کے ناطے سکھ مذہب کے مقدس ترین اور تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں سکھ عقیدت مند مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں۔

#S