اسلا م آباد  (ویب ڈیسک)

عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی وفد کے ہمراہ  پاکستان پہنچ گئے ۔ عرب پارلیمنٹ کا صدر بننے کے بعد ان کاکسی بھی غیر عرب ملک کا یہ پہلا دورہ ہے۔ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پر سینیٹر برائے مہمان داری ثنا جمالی نے وفد کا استقبال کیا۔

عرب پارلیمنٹ کے صدر عادل بن عبدالرحمن العسومی نے آمد پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مسلم ممالک میں سے ایک انتہائی اہم ملک ہے۔ پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں جو مشترکہ مہذہب، ثقافت اور روایات سے جڑے ہوئے ہیں۔عادل بن عبدالرحمن العسومی نے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کے مثبت اور دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کی سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوگی جن میں مسلم امہ کے اتحاد، ہم آہنگی اور درپیش مسائل کے حوالے سے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا۔  پاکستان مسلم ممالک میں اہم مقام رکھتا ہے ہمارا پاکستان کے ساتھ اتحاد وتعاون مسلم امہ کیلئے مفید ثابت ہوگا۔ باہمی تعاون وا تفاق سے تعلقات کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ عرب پارلیمنٹ کا صدر بننے کے بعد ان کاکسی بھی غیر عرب ملک کا یہ پہلا دورہ ہے جو ہمارے باہمی برادرانہ تعلقات کاعکاس ہے۔عادل بن عبد الرحمن العسومی نے کہا کہ پارلیمانی اور عوامی سطح پر وفود کے تبادلوں سے تعلقات، تجارت اورسرمایہ کاری کو نمایاں فروغ میسر ہوگا۔ پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں جن سے بھرپور استفادہ کیاجائے گا۔ پاکستان کا دورہ کر کے انہیں خوشی محسوس ہوئی ہے ۔