اسلام آباد (ویب ڈیسک)
ملک بھر میں ڈینگی تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، اسلام آباد میں مزید30 شہری جبکہ خیبر پختونخوا میں اب تک ڈینگی کے 919 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
پنجاب میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے ، اسلام آباد میں ڈینگی سے مزید ایک شخص انتقال کرگیا ہے اور یہاں 24 گھنٹوں میں مزید30 شہری ڈینگی سےمتاثر ہوئے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 207 مریض اس سے متاثر ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق ڈینگی سے انتقال کرنے والا شخص جی 12 کا رہائشی تھا، انہوں نے مزید بتایا کہ ڈینگی سے گزشتہ 10 روز میں 3 شہری انتقال کر چکے ہیں۔
ڈی ایچ اونے بتایا کہ اسلام آباد میں گزشتہ 5 روز میں 155 شہری ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔
پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ( ایچ ایم سی) انتظامیہ کے مطابق 136 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 528 ٹیسٹ کیے گئے۔
ایچ ایم سی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈینگی کے 10 مریض زیر علاج ہیں، خیبر ٹیچنگ اسپتال ( کے ٹی ایچ) میں 110 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہےاور وہاں ڈینگی کے 22 مریض زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں بھی بڑی تعداد میں ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔