ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنے کی آخری تاریخ میں چھ ماہ کی توسیع کرے۔ سردار الیاس خان
کرونا کے پیش نظر تاجر برادری کو اقساط میں ٹیکس ادا کرنے کی سہولت دی جائے۔ فاطمہ عظیم، عبدالرحمٰن خان
اسلام آباد (ویب نیوز ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے حکومت اور ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کی پیدا کردہ مشکلات کے پیش نظر انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنے کی آخری تاریخ میں کم از کم چھ ماہ کی توسیع کی جائے تا کہ بزنس کمیونٹی آسانی کے ساتھ ٹیکس ادا کرنے کی قومی ذمہ داری سے عہدہ برآ ہو سکے جس سے ملک کی ٹیکس آمدن بھی مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2021 مقرر کی ہے تاہم سمارٹ لاک ڈاؤن اور کاروباری اوقات پر پابندیوں کی وجہ سے ملک بھر میں کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوئی ہیں۔
ان حالات میں کاروباری برادری کیلئے ٹیکس کا حساب لگانا بہت مشکل ہے کیونکہ بہت سے کاروبار طویل عرصے کیلئے بند رہے ہیں جبکہ کئی کاروبارابھی تک بند ہیں۔یہ صورتحال اس بات کا تقاضا کرتی ہے کہ ایف بی آر اس مشکل وقت میں کاروباری برادری کے ساتھ تعاون کرے اور انکم ٹیکس جمع کرانے کیلئے انہیں کم از کم چھ ماہ کی مزید مہلت دے تاکہ وہ بغیر کسی دباؤ یا پریشانی کے اپنے انکم ٹیکس گوشوارے تیار کر کے فائل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض ٹیکس ماہرین نے ٹیکس گوشوارے فائل کرنے کے دوران مخصوص فارمولوں میں ٹیکس کے غلط حساب کتاب کے مسائل کو بھی اجاگر کیا ہے لہذا یہ ضروری ہے کہ ایف بی آر آخری تاریخ میں توسیع کر کے ٹیکس دہندگان کی تسلی کیلئے اجاگر کردہ مسائل کو حل کرے۔
آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم اور نائب صدر عبدالرحمان خان نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف بی آر تاجر برادری کو اقساط میں ٹیکس ادا کرنے کی سہولت فراہم کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے تاکہ وہ ٹیکس ادائیگی کی قومی ذمہ داری کو زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔