ورلڈ ہارٹ ڈے منانے کیلئے آئی سی سی آئی میں قلبی امراض کے موضوع پر سمینار کا انعقاد
قلبی امراض کی وجہ سے پاکستان میں فی گھنٹہ 12افراد فوت ہوتے ہیں جو تشویشناک ہے۔ سردار یاسر الیاس خان
دل کی بیماریوں سے بچنے کیلئے عوام روزانہ واک یا ورزش کریں۔ ڈاکٹر عمر ادریس مفتی
اسلام آباد ( ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے اشتراک سے ورلڈ ہارٹ ڈے منانے کے لیے قلبی امراض کے موضوع پر ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان میں 30 سے 40 فیصد اموات قلبی امراض کی وجہ سے واقع ہو رہی ہیں جبکہ ہر گھنٹے میں 12 پاکستانی دل کی بیماریوں کی وجہ سے فوت ہو رہے ہیں جو تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریاں پاکستان میں اموات کی سب سے بڑی وجہ بن رہیں ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں باقاعدگی سے دل کی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے تاکہ لوگوں کو ان مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے تناؤ، چربی والے کھانوں کا زیادہ استعمال، غیر فعال طرز زندگی وغیرہ قلبی امراض کی اہم وجوہات ہیں لہذا ان سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے تاکید کی کہ کاروباری برادری اور شہری دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے باقاعدہ چہل قدمی یا ورزش کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہارٹ ڈے اس بات کی یاددہانی کراتاہے کہ معاشرہ متحد ہو کر قبلی امراض کے خلاف جنگ لڑے تا کہ بیماریوں سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ عام طور پر مصروف زندگی گزارتا ہے، لیکن انہیں فٹ رہنے کے لیے باقاعدہ چہل قدمی یا ورزش کے لیے وقت نکالنا چاہیے کیونکہ وہ صحت مند زندگی کے ساتھ ہی اپنے کاروبار کو بہتر فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے صحت کے شعبے میں معروف انٹرنیشنل ہسپتال کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ اس ہسپتال نے ہیلتھ کئیر شعبے میں اعلیٰ معیارات قائم کیے ہیں جو دوسرے ہسپتالوں کے لیے قابل تقلید ہونے چاہئیں۔
معروف انٹرنیشنل ہسپتال کے ہیڈ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر عمر ادریس مفتی نے اس موقع پر دل کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کی وجوہات اور ان کے تدارک کے بارے میں شرکاء کو ایک جامع پریزنٹیشن دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو نوشی، موٹاپا اور ہائی بلڈ پریشر دل کی بیماریوں میں اضافہ کرتے ہیں لہذا شہری ان سے بچیں اور صحت مند زندگی گزارنے کے اصولوں کو اپنائیں۔
عبدالرحمن خان نائب صدر آئی سی سی آئی، چوہدری نصیر احمد چیئرمین، چوہدری ہارون نصیر چیف ایگزیکٹو آفیسر معروف انٹرنیشنل ہسپتال، محمد اعجاز عباسی، میاں شوکت مسعود، باصر داؤد، جمشید اختر شیخ، رانا قیصر شہزاد، عمر حسین اور چوہدری محمد علی سمیت کاروباری برادری کے ممبران نے سیمینار میں شرکت کی۔