اسلام آباد ، راولاکوٹ (ویب ڈیسک)
آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں 8اکتوبر2005 کے زلزلے میں شہید ہونیوالوں کی یاد میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں، قرآنی خوانی کا اہتمام کیا گیا ، زلزلے کے شہدا کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔تفصیلات کے مطابق شہدا زلزلہ کی یاد میں اسلام آباد میں مارگلہ ٹاور کے باہر دعائیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں زلزلے میں جاں بحق افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، ،شہید افراد کے ورثا اور سول سوسائٹی کے ممبران بھی شریک ہوئے۔راولاکوٹ کے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں بھی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ سائرن بھی بجایا گیاجبکہ بالاکوٹ گورنمنٹ ہائی سکول میں شہدا زلزلہ کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا،اس کے علاوہ مختلف شہروں میں زلزلہ میں شہید افراد کیلئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔یاد رہے کہ8اکتوبر کے زلزلے میں 70 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، زلزلے سے مظفر آباد اور باغ کے بیشتر علاقے متاثر ہوئے تھے۔ 8اکتوبر کے زلزلے سے اسلام آباد کے مارگلہ ٹاورز کا ایک حصہ زمین بوس ہو گیا تھا، زلزلے سے خیبر پختوا اور آزاد کشمیر میں بڑے پیمانے پر تباہی آئی تھی۔ریکٹر اسکیل پر یہ زلزلہ زیر زمین 15 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا جس کی شدت7 اعشاریہ6 ریکارڈ کی گئی تھی۔ تباہ کن زلزلے سے بالاکوٹ کا95 فیصد انفراسٹرکچر تباہ ہوا جبکہ مظفرآباد ، باغ، ہزارہ اور راولاکوٹ میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے۔8اکتوبرکے زلزلے سے 28لاکھ افراد بے گھر بھی ہوئے تھے، اس زلزلے میں مظفرآباد کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، جبکہ مظفر آباد میں مکانات، اسکولز، کالجز، دفاتر، ہوٹلز، اسپتال، مارکیٹیں، پلازے ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے۔