lahore-highcourt

ڈومیسٹک ایونٹ کے لیے اتنا سب کچھ کرنے کی ضرورت نہیں،جسٹس شاہد کریم

لاہور  (ویب ڈیسک)

لاہور ہائیکورٹ نے میچز کے دوران روڈ بلاک کرنے سے روک دیا۔لاہور ہائیکورٹ میں کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک کو بند کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ،دوران جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ میچز کے لیے ٹریفک مکمل بند کرنے کی بجائے سگنل فری کریں کیونکہ جو آلودگی ٹریفک بند ہونے سے پھیلے گی اسے سارا سیزن کنٹرول نہیں کرسکیں گے۔دورانِ سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ جب ٹریفک بند کریں تو پندرہ لاکھ گاڑیاں پھنس جاتی ہیں، اس پر عدالت نے سی ٹی او سے استفسار کیا کہ یہ تو ڈومیسٹک کرکٹ ہے اتنا کیوں کر رہے ہیں، بین الاقوامی ٹیمیں ڈومیسٹک کے لیے ایسی سکیورٹی دیکھیں گی تو سوچ میں پڑجائیں گی، سی ٹی او نے کہا کہ ہم ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں۔عدالت نے کہاکہ لاہور میں سموگ شروع ہوچکا ہے لہذا ٹریفک بند نہیں ہونی چاہئے، میں دو دن سے ٹریفک میں پھنس رہا ہوں، مجھے گھر جانے میں ڈیڑھ گھنٹہ لگ جاتا ہے، اگرمریض نے ایمبولینس میں مرنا ہے یا ہمیں خوار ہونا ہے تو اس کی وجہ ہونی چاہئے، یہ وجہ کم از کم قومی مفاد ہونی چاہئے۔جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ ایسی سکیورٹی توصدر کے لیے ہوتی ہے لیکن اب شہر کے ساتھ یہ نہیں ہو سکتا پلان بنانا ہوگا۔پولیس نے عدالت میں موقف اپنایا کہ ایسے ایونٹ کے لیے ہمیں ہدایات حکومت سے آتی ہیں، اس پر عدالت نے کہا کہ ڈومیسٹک ایونٹ کے لیے اتنا سب کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، لوگوں کے کاروبار بند کرادیئے اب کوئی اپنے حقوق کے لیے بھی نہیں آتا۔بعد ازاں عدالت نے اس معاملے پر سیکرٹری داخلہ پنجاب کو پیر کو طلب کرلیا۔