پشاور (ویب ڈیسک)
پشاورمیں ڈینگی بے قابو ہو گیا اور بڑی تعداد میں شہری ڈینگی سے متاثر ہونے کے بعد ہسپتالوں کا رخ کرنے لگے ہیں جبکہ نجی ہسپتالوں ،پرائیویٹ کلینکس اور لیبارٹریوں میں ٹیسٹوں کے نام پر لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیاگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی نے ایک مرتبہ پھر پنجے گاڑ لئے ہیں اور بے قابو ہونے کے بعد بڑی تعداد میں شہری ڈینگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 728 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 328 مثبت اور 400 منفی ٹیسٹ آئے۔ انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں اس وقت 65 ڈینگی کے مریض زیر علاج ہیںجن میں 15 خواتین سمیت 50 مرد شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 25 مزید ڈینگی کے مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔ 5 مریضوں کو صحت یابی کے بعد گھر روانہ کردیا گیاہے ۔ انتظامیہ کے مطابق زیادہ تر مریضوں کا تعلق پشاور کے ملحقہ علاقوں سے ہے۔ تہ کال، اکیڈمی ٹائون، سفید ڈھیری، دانش آباد، سربنداور ضلع خیبر وغیرہ ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ ایل آر ایچ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 21 ہو گئی ہے۔ ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ میں ڈینگی کے مریضوں کے لئے تیس سے زائد بیڈز مختص ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر ڈینگی کے مریضوں کے لئے مزید بیڈز مختص کر سکتے ہیں۔ اسی طرح حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ڈینگی کے 19مریض زیر علاج ہیں ۔6نئے مریضوں کو داخل کرایاگیا ہے جبکہ 4مریض ڈسچارج کر دیئے گئے ہیں ۔496ٹوٹل ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 117نتائج مثبت آئے ہیں ۔دوسری جانب ڈینگی کے بڑھتے ہوئے پھیلائو کے پیش نظر پشاور کے نجی ہسپتالوں،لیبارٹریوں اور پرائیویٹ کلینکس میں بھی متاثرین کا رش لگ گیا ہے جہاں عوام کو ٹیسٹوں اور علاج کے نام پر دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر مہنگے ٹیسٹو ں کے نام پر عوا م کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔