مقبوضہ پونچھ میں ایک حملے میں بھارتی فوجی افسر سمیت پانچ فوجی ہلاک
جنوبی اور شمالی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں دو کشمیری شہید
سری نگر( ویب نیوز )مقبوضہ پونچھ میں ایک حملے میں بھارتی فوجی افسر سمیت پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں ،۔مقبوضہ ضکع پونچھ میں سرن کوٹ کے کرشنا گھاٹی علاقے میں جھڑپ ہوئی ہے ،جموں میں بھارتی فوجی ترجمان کرنل دیوندر آنندDevender Anand نے بھارتی ٹی وی کو بتایا ہے کہ پیر کے روز ایل او سی کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ہونے والی جھڑپ میں جے سی او سمیت پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ جھڑپ میں یہ فوجی زخمی ہوئے انہیں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ پیر کے روزجنوبی اور شمالی کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔بھارتی فوج نے پیر کے روز ان نوجوانوں کوضلع بانڈی پور کے علاقے شاہ گنڈ اور ضلع اسلام آباد کے علاقے کھاگنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران شہیدکیا جن میں سے ایک کی شناخت امتیاز احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ فوجیوں نے بانڈی پورہ اور اسلام آباد اضلاع میں تلاشی کارروائیوں کے دوران پانچ نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا۔ شاگنڈ میں آپریشن کے دوران بھارتی پولیس کا ایک اہلکار گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا جس کو علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بھارتی ٹی وی سی این این نیوز18 کے مطابق بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر بھر میں جاری کریک ڈاون کے دوران اتوار کو900 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ یاد رہے بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر بھر میں نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر رکھا ہے ۔ ا ن نوجوانوں کوبے بنیاد اور جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کی خبروں میں کہا گیا کہ بڑے پیمانے پر کی جانے والی یہ گرفتاریاں بھارت کی طرف سے مقبوضہ وادی میں کیے جانے والے بڑے آپریشنوں میں سے ایک ہے۔بے گناہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاری کا یہ عمل مقبوضہ وادی میں پیش آنے والے قتل کے حالیہ واقعات کے تناظر میں شرو ع کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں نے کشمیری پنڈت تاجر مکھن لال بندرو اور دو اساتذہ کے حالیہ قتل کو مقبوضہ علاقے میں جاری آزادی کی تحریک کو بدنام کرنے کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسیوںکا تریب دیا گیا منصوبہ قرار دیا ہے جسکا ایک مقصد علاقے کے مسلمانوں اور اقلیتوں کے درمیان خلیج پید ا کرنا بھی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے قتل کے واقعات کی اقوام متحدہ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔.