حریت کانفرنس نے جمعہ کو مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال اور سول کرفیو کا اعلان کر دیا
کشمیری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف شدید غصے اور ناپسندیدگی کا اظہار کریں
سری نگر( ویب نیوز ) کل جماعتی حریت کانفرنس نے حریت پسند کشمیری عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ فسطائی مودی حکومت کی طرف سے وسیع پیمانے پر نسل کشی اور حریت رہنماوں اور کارکنوں پر کالے قوانین کے نفاذکے خلاف 15 اکتوبرجمعہ کو مکمل ہڑتال اور سول کرفیو نافذکریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظربنددختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی ، اس کی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین اور دیگر پر بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے نام نہاد فردجرم عائد کئے جانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی چارج شیٹ ان کے عدالتی قتل کی گہری سازش کے تحت دائر کی گئی ہے جس طرح مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے ساتھ کیاگیا۔ترجمان نے حالیہ شہری ہلاکتوں کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ 10 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ علاقے کی اکثریتی برادری کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے جس سے عوام میں عدم تحفظ کا گہرا احساس پیدا ہوا ہے۔انہوں نے اپنی اپیل میں کہا کہ موجودہ جنگ جیسی صورتحال میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف اپنے اندرونی جذبات کے اظہار کے لئے جمعہ 15 اکتوبر 2021 کو مثالی ہڑتال کے سوا کوئی پرامن طریقہ نہیں ہے۔حریت ترجمان نے امیدظاہرکی کہ تاجر ، ٹرانسپورٹرز ، ملازمین ، طلبا، وکلائ، دانشور اور صحافی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس موقع پرآگے آئیں گے اورفسطائی بھارتی حکومت اور اس کے قابض افواج کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے طول وعرض میں جاری ریاستی دہشت گردی ، انارکی ، استعماریت ، سامراجیت، ، نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنے شدید غصے اور ناپسندیدگی کا اظہار کریں گے۔