پاکستان میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، عمران خان
بیرونی سرمایہ کاری بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی
وزیر اعظم کا خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے حوالے سے اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،بیرونی سرمایہ کاری بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں چینی سرمایہ کاروں کی سہولت کے حوالے سے اجلاس ہوا۔وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں کل27 خصوصی اقتصادی زونز میں سے05 خصوصی اقتصادی زونز سندھ میں دھابیجی ، کے پی کے میں رشکئی ، بلوچستان میں بوستان ، پنجاب میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی ، اور بلوچستان میں گوادرپر کام تیزی سے جاری ہے۔مزید برآں ممکنہ چینی سرمایہ کاروں کے تمام مسائل کو ایک چھت تلے حل کرنے کے لیے ان میں سے ہر ایک خصوصی اقتصادی زونز میں ایک موثر ون ونڈو آپریشن سہولت اور سی پیک اتھارٹی میں ایک سہولت مرکز قائم کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) میں زمین کی فراہمی، بجلی اور گیس کے کنکشن کی دستیابی اور ٹیکس مراعات دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ زیادہ سے زیادہ چینی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور خصوصی اقتصادی زونز کو جلد فعال کیا جاسکے۔عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں صنعتی ترقی کو تیز کرنے کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ بیرونی سرمایہ کاری بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔