رحمت اللعالمین ۖ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری .. وزیراعظم رحمت اللعالمینۖ اتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے
رحمت اللعالمینۖ اتھارٹی چیئرمین اور 6 ممبران پر مشتمل ہوگی،آرڈیننس
اسلام آباد (ویب نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت اللعالمین ۖ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے رحمت اللعالمین ۖ اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے، جس کے تحت وزیراعظم رحمت اللعالمینۖ اتھارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے۔آرڈیننس کے مطابق رحمت اللعالمینۖ اتھارٹی چیئرمین اور 6 ممبران پر مشتمل ہوگی، اتھارٹی کے چیئرمین کا تقرر وزیراعظم کریں گے، اتھارٹی انصاف اور فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کیلئے اقدامات کرے گی، اتھارٹی نوجوانوں کی کردار سازی کے لئے سیرت نبوی ۖ اور احادیث پر تحقیق کرے گی۔ اس کے علاوہ اتھارٹی سیرت نبوی ۖ کو نصاب کا حصہ بنانے کے لئے متعلقہ ماہرین سے بھی مشاورت کرے گی۔