الیکشن سے پہلے اپوزیشن دنگا فساد کرے گی تو اپنے لئے گڑھا کھودے گی،میڈیا سے گفتگو
لال حویلی کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں، لڑکے نالائق ہو گئے جبکہ لڑکیاں آگے نکل گئیں
پاک نیوی نے تیسری مرتبہ بھارتی سب میرین کو شٹ اپ کال دی ہے،،تقریب سے خطاب
راولپنڈی (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور فوج میں کوئی اختلاف نہیں ،الیکشن سے پہلے اپوزیشن دنگا فساد کرے گی تو اپنے لئے گڑھا کھودے گی ۔راولپنڈی میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن میں ملٹی پرپز اکیڈمک ہال کا افتتاح کر دیا۔ کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی کو یونیورسٹی بنانے کا اعلان کرتا ہوں، لڑکے نالائق ہو گئے جبکہ لڑکیاں آگے نکل گئی ہیں، راولپنڈی میں جو بھی پلاٹ خالی نظر آئے وہاں کالج اور یونیورسٹیز بنائیں، ان شا اللہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی بھی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ لال حویلی کو بھی مستقبل میں یونیورسٹی کا درجہ دیں گے، بچیوں کو باہر کی ٹاپ یونیورسٹی سے تعلیم دلانے کے لیے لال حویلی کردار ادا کرے گی،جو بچیاں اپنی فیس نہیں دے سکتیں اس کی فیس لال حویلی دے گی، ایم این اے راشد شفیق میری موجودگی میں ہی لال حویلی سے اپنا سیاسی دفتر تبدیل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ بچیوں کے کالجز میں ٹرانسپورٹ پر خصوصی توجہ دی ہے اور آئندہ بھی دیں گے، کوئی بچی ایک کلو میٹر سے زیادہ فاصلے پر پیدل نہیں جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اب ہمارا فوکس ہسپتالوں پر ہے، ہولی فیملی ہسپتال کو 20 وینٹی لیٹرز دیئے ہیں، نالہ لئی ایکسپریس وے اور رنگ روڈ منصوبہ بھی منظور کرایا ۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی ناظم الامور کو بھی پتہ ہے ن اورش الگ الگ ہیں،الیکشن سے پہلے تیسری لیگ وجود میں آ جائے گی، الیکشن جب آئے گا ایک نئی صف بندی ہو گی، شہباز شریف کی اگر کسی سے ملاقات ہوئی ہے تو اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کیلئے میرے شہر کا انتخاب کیا، پی ڈی ایم شوق سے احتجاج کرے، قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا جائے تو کوئی مسئلہ نہیں، الیکشن سے پہلے اپوزیشن دنگا فساد کرے گی تو اپنے لئے گڑھا کھودے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج میں کوئی دراڑ نہیں ، عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔انہوںنے کہا کہ پاک نیوی نے تیسری مرتبہ بھارتی سب میرین کو شٹ اپ کال دی ہے، پاک نیوی نے مجھے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان خود ہر ہفتے مہنگائی کے مسئلے کو دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے ڈالر کی نقل و حمل کو روکا جاسکے، اسلام آباد کیلئے پولیس ڈرونز کا ایک سکواڈ بنانے جا رہے ہیں۔