کراچی (ویب ڈیسک)
امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور ایک امریکی ڈالر انٹر بینک میں174 روپے سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔ جمعرات کو ڈالر نے نئی بلندترین سطح کو چھو لیا ہے اور ڈالر کے انٹربینک ریٹ اتارچڑھائو کے بعد 174 روپے سے بھی تجاوز کرگئے ہیں، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 63 پیسے اضافے سے 174.10 روپے کی نئی بلند سطح پر آگیا۔ڈالر کی قدر کے حوالے سے سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ملک کے اقتصادی حالات اور ترسیلاتِ زر کی آمد کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہیں، زرِمبادلہ ذخائر اور ترسیلات میں بہتری کے باعث ڈالر کی قدر 150 سے 155 تک ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں تاخیرکی اطلاعات سے درآمدکنندگان کی جانب سے ڈالر کی طلب بڑھ گئی ہے، آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے محسوس ہوتا ہے کہ روپے کو بے قدر کیا جائے گا۔