ٹی ایل پی کے کارکنان و رہنمائوں کی گرفتاریوں کیخلاف مختلف شہروں میں دھرنے جاری

پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا

لاہور میں دھرنے کے اطراف کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے

لاہور (ویب ڈیسک)

کالعدم تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے کارکنان اور رہنمائوں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے جاری ہیں، کالعدم تنظیم نے لاہور کے چوک یتیم خانہ کے قریب دھرنا دے رکھا ہے، جبکہ لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے بھی ممکنہ خراب صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے، شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب پولیس کی بھاری نفری دھرنے کے چاروں اطراف موجود ہے، دھرنے کے اطراف کے علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔ذرائع کے مطابق شیراکوٹ، نواں کوٹ، سمن آباد، گلشن راوی، اقبال ٹان اور سبزہ زار کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروس مکمل معطل کردی گئی ہے، واٹر کینن گاڑیاں،اینٹی رائٹٹس فورس،بڑی تعداد میں گیس شیل اور سپیشل فورسز کے دستے پہنچ چکے ہیں، کالی کوٹھی اقبال ٹان، اسکیم موڑ، سوڈی وال، نیازی اڈا اور سمن آباد موڑ سے راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز کی مدد سے سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری موقع پر موجود ہے دیگر اضلاع سے بھی نفری لاہور پنہچ چکی کسی بھی وقت گرینڈ آپریشن ہو سکتا ہے۔