عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا مختلف شہروں میں احتجاج

کئی مقامات پر پولیس پر پتھراو،نعرہ بازی ،دھرنے ،ٹریفک جام،لوگوں کو مشکلات کا سامنا

لاہور میں جوہر ٹاون ، ٹاون شپ ، جی پی او چوک ، فیصل ٹاون ،شنگھائی پل فیروز پورروڈ، پیکو روڈ، اکبر چوک ، لبرٹی مارکیٹ، مسلم ٹاون ، زمان پارک ، ٹھنڈی سڑک اور اچھرہ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا

اسلام آباد(  نیوز نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔اسلام آباد میں نیب راولپنڈی کے میلوڈی آفس کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے  احتجاج کیا۔ جس کے دوران 10 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔نیب راولپنڈی کے آفس کے باہر پولیس، اسپیشل برانچ اور ایف سی اہلکار موجود تعینات تھے۔ پی ٹی آئی کے بعض مشتعل کارکن پاک فوج کے ہیڈ کوارٹرز جی ایچ کیو  میں داخل ہوگئے۔سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تحریک انصاف کے مشتعل کارکن جی ایچ کیو کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔ کچھ لوگوں نے جی ایچ کیو کے گیٹ پر لگے ہوئے پاک فوج کے لوگو پر ڈنڈے برسائے اور اسے توڑ دیا۔ کچھ لوگوں کو جی ایچ کیو کے اندر پتھر پھینکتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔پی ٹی آئی کے کارکن جی ایچ کیو کے اندر داخل ہوئے تو کچھ فوجی اہلکار آئے لیکن انہیں دیکھ کر کارکنوں نے نعرے بازی شروع کردی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اندر داخل ہونے والے  پی ٹی آئی کے چند کارکن پیچھے موجود کارکنوں کو اندر بلا رہے ہیں لیکن عوام کی بڑی اکثریت گیٹ کے باہر ہی احتجاج کر تی رہی،لاہور میں بھی کارکنان عمران خان کی گرفتاری کی خبر سن کر سڑکوں پر آگئے، تحریک انصاف کے کارکنوں نے، اکبر چوک ٹاونشپ، لبرٹی چوک ، زمان پارک اور مختلف علاقوں میں احتجاج کیا،

دوسری جانب حسان نیازی کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کور کمانڈر لاہور کے گھر کے باہر دھرنا دے دیا ہے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں عمران خان کے بھانجے حسان نیازی  نے کہا کور کمانڈر ہاوس لاہور میں کیا ہو رہا ہے،  کسی کو پتہ ہے؟ بظاہر کور کمانڈر ہاوس کا دروازہ کھلا تھا اور گیٹ پر کوئی تالا نہیں تھا۔ انہوں نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں پی ٹی آئی کے کارکن کور کمانڈر کے گھر کے باہر بڑی تعداد میں نظر آ رہے ہیں۔حسان نیازی کی ویڈیو کے برعکس کور کمانڈر لاہور کے گھر کے باہر کی ایک نئی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں پولیس کی ایک موبائل سیکیورٹی کیلئے موجود نظر آ رہی ہے جب کہ پی ٹی آئی کی کچھ خواتین سڑک کے ایک طرف کھڑے ہو کر احتجاج کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں سڑکیں بلاک کرکے احتجاج کیا گیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں جوہر ٹاون ، ٹاون شپ ، جی پی او چوک ، فیصل ٹاون ،شنگھائی پل فیروز پورروڈ، پیکو روڈ، اکبر چوک ، لبرٹی مارکیٹ، مسلم ٹاون ، زمان پارک ، ٹھنڈی سڑک اور اچھرہ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا، احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی،مال روڈ پر چی پی او چوک  میں پولیس کی جانب سے متاثرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال بھی کیا گیا ، جبکہ مریدکے میں جی ٹی روڈ بلاک کردی گئی ہے۔مظاہرین کو ریڈزون میں داخل ہونے سے روکنے کیلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔لاہور میں سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے کارکنان کے ہمراہ اکبر چوک، مین پیکو روڑ ، ٹان شپ، مین کینال روڑ اور فیصل ٹاون بند کر دیا۔پی ٹی آئی کارکنان نے ٹائر جلائے اور امپورٹڈ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔چیچہ وطنی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کے دوران چیچہ وطنی بائی پاس بند کردیا،پاکستان تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد رانا ثنا اللہ کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور پتھرا وکیا گیا۔فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کے گھر کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان اور مسلم لیگ ن کے ورکرزکا ایک دوسرے پرپتھراو، پولیس طلب کر لی گئی۔پتھراو کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور رانا ثنا اللہ کے ڈرائیور سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی گئی،فیصل آباد میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں اور تاجروں کی گھنٹہ گھر چوک پر ہاتھا پائی، کارکنوں نے چوک گھنٹہ گھر اور اطراف کی مارکیٹیں بند کرا دیں،بہاول پور میں انصاف لائرز فورم کے وکلا کو فوری ڈسٹرکٹ کورٹس میں پہنچنے کی ہدایت کردی جبکہ چلاس میں پی ٹی آئی کارکنوں کا صدیق اکبر چوک پر احتجاج, ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔۔گوجرہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا چوک ملکانوالہ پراحتجاج جبکہ مردان میں پی ٹی آئی کارکنوں نے کالج چوک میں روڈ بلاک کردی۔

کراچی کی شارع فیصل پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آگئے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراو کیا جبکہ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین نے پولیس موبائل پر پتھراو کیا جبکہ اسٹریٹ لائٹ کے کھمبوں کو توڑ دیا گیا ہے۔شارع فیصل پر پی ٹی آئی کے کارکنان نے گاڑیوں پر بھی پتھرا وکیا جبکہ اس دوران سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک بھی معطل ہوگئی۔ مشتعل مظاہرن کے پتھرا وکے بعد پولیس پیچھے ہٹ گئی۔ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں  نے پشاور میں ہشت نگری چوک پر اور استور میں خلفائے راشدین چوک پراحتجاجی مظاہرہ کیا ۔عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری پر وائس چئیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اہم ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ عظیم پاکستانیوں آج آپ لوگوں کو اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔شاہ محمود قریشی نیکہا کہ اپنے عظیم قائد عمران خان کے لیے جو آپ کے مستقبل کی لڑائی لڑ رہا ہے، آج گھر کوئی نہ بیٹھے، اگر آپ حقیقی آزادی چاہتے ہیں تو اپنے بچوں کے ساتھ ، اپنی فیمیلز کے ساتھ نکلیں اور عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہی کیجئے۔پارٹی کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اعلان کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع کر دیا گیا ،عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، پی ٹی آئی کارکنان نے صوبائی سیکریٹریٹ سے کارکنان کا ایئر پورٹ روڈ کی طرف مارچ کیا گیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور ایئرپورٹ روڈ پر ٹائر جلا کر شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔عسکری چیک پوسٹ کے باہر ایئرپورٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کی قیادت صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ کررہے ہیں، احتجاج کے باعث ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک معطل ہوگئی ہے جب کہ دونوں جانب سیکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہے، مظاہرین نے عسکری چیک پوسٹ کی جانب جانے والی تمام گاڑیوں کو بھی اندر جانے سے روک دیا۔صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ نے کہا کہ عمران کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان بھر میں احتجاج کی کال دیدی یے، ژوب، شیرانی میں شاہراہ بلاک اور دیگر علاقوں میں شاہراہ بند کرینگے، عمران خان کی رہائی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا