پاکستان کی فتح ، میرابس چلتا تو قوم کیلئے چھٹی کا اعلان کردیتا، شیخ رشید
ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن میری خواہش ہے یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے،وزیر داخلہ کی پریس کانفرنس
راولپنڈی (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میراکل ورلڈ کپ تھا جو پاکستان نے جیت لیاہے، پاکستان نے کل ہندوستان کو چنے چبوائے، میرابس چلتا تو قوم کیلئے آج چھٹی کا اعلان کردیتا۔ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن میری خواہش ہے یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے ،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پوری قوم کو ٹیم کی فتح مبارک ہو ، بھارت کو 10وکٹ سے شکست کا جشن تاریخی تھا، بابر ،رضوان اور شاہین کیلئے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی کرکٹ کے میدان میں بڑی فتح ہے، میرا فائنل اور ورلڈ کپ کل ہی ہوچکاہے، میراکل ورلڈ کپ تھا جو پاکستان نے جیت لیاہے، پاکستان نے کل ہندوستان کو چنے چبوائے ، 74سالوں میں پاکستان کو اس سے بڑی فتح نصیب نہیں ہوئی، میرابس چلتا تو قوم کیلئے آج چھٹی کا اعلان کردیتا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ طورخم بارڈر پراسٹیکر ویزا ختم کردیا ہے، ویزا فیس ختم کردی ہے، 7بڑیشہروں میں ایک دن میں پاسپورٹ 10ہزارروپے میں جاری ہوگا، آئی ڈی کارڈ میں بھی انقلابی تبدیلیاں لانے لگے ہیں، جوڈاک کے ذریعے جائے گا اس میں ٹائم لگ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی اسلام آبادمیں ریسکیو1122 کا اجرا ہو جائے گا، پولیس معاملات میں بھی دیکھا،ڈرون میں اضافہ کیاہے، ہم نے 130موبائل اسکواڈ بھی بنائے ہیں۔ٹی ایل پی سے مذاکرات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی کیساتھ مذاکرات بہت اچھے گئے ہیں، میں نے کل درخواست کی تھی کہ وزارت داخلہ کا کام نہیں، پنجاب حکومت اور سعد رضوی نے اصرار کیا،ہم اپنی بات پر قائم ہیں انہوں نے دونوں روڈ کھولے ہیں، ایک روڈ ٹی ایل پی نے کھول دیا ہے۔ جو ہم نے ان سے وعدے کیے ہیں ان پر پہرا دیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب سے قبل پرنسپل سیکریٹری کو مدارس کے اکانٹس کو بحال کرنے کی ہدایت کی تھی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منگل بدھ تک ٹی ایل پی سے ملاقات ہو جائے گی، بدھ کو وفاقی کابینہ اجلاس میں اس پر بات ہوگی، سعدرضوی نے اچھے سے معاملات میں تعاون کیا، بہتر ہے کہ مدرسوں کاپتاچلے کہ کتنے فنڈزآرہے ہیں اورکتنے جارہے ہیں،ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو دیگر عہدیداران کے مقابلے میں بہت زیادہ تعاون کرنے والا شخص پایا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن اس حوالے سے بھی پارٹی کے رہنماوں سے بات چیت ہوئی ہے، میری خواہش ہے کہ یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے۔انہوں نے بتایا کہ سعد رضوی سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی اور میں نے انہیں آگاہ کیا کہ فرانس یورپی ممالک کی نمائندگی کررہا ہے، پاکستان کے خلاف بھارت کی سازشیں جاری ہیں، امریکا میں پاکستان کے خلاف پابندی عائد کرنے کا بل پیش کیا گیا اور معاشی بحران موجود ہے۔۔انھوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے وزارت داخلہ کی کارکردگی زبردست ہے، میں سیاسی تجزیہ بتاتاہوں کسی علم کے حساب سے نہیں ، میں بات کو لپیٹنا اور سمیٹنا چاہتاہوں، خواہش ہے ٹی ایل پی سے جو معاملات طے ہوئے اسی طرح رہیں، کسی جگہ خرابی پیدا ہو جاتی ہے تو پھر میں کیا کر سکتا ہوں۔شیخ رشید نے مزید کہا ٹی ایل پی مذاکرات میں لوگوں کی رائے اورتعاون شامل ہے، ٹی ایل پی پنجاب میں تیسری بڑی جماعت ہے، توڑپھوڑتوغیرقانونی ہے کسی کونہیں کرنی چاہئے، سعدرضوی سے کہا کہ فرانس سارے یورپی یونین کو ہیڈ کر رہا ہے، ہم دنیاکی سب سے بڑی اسلامی ایٹمی قوت ہے، ہمیں فیٹیف کامسئلہ ہے یہ تمام صورتحال کی ٹی ایل پی کوبھی سمجھ ہونی چاہئے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈہمارے ساتھ ہاتھ کرکے گیاتھا، ہم نے تواتنی سیکیورٹی دی تنی جتنی انکی فوج نہیں ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں میڈیاآزادہے سب نے دیکھاکیانکلا؟ جوغربت سے متاثرہیں ان میں سے کوئی چہرہ جلوس میں نہیں تھا، عمران خان مہنگائی کے جن کوبوتل میں بند کرے گا، اگلاسال الیکشن کاسال ہے.