پاکستان اور ہندوستان امریکی ثالثی میں فوری سیز فائر پر تیار ہوگئے، ڈونلڈٹرمپ

 ہندوستان اور پاکستان نے بھی سیز فائر کی تصدیق کر دی ،سیز فائر نافذالعمل ہوگیا،دونوں ممالک میں غیر جانبدار مقام پر مذاکرات آج ( اتوار کو)ہوں گے

واشنگٹن ،اسلام آباد،نئی دہلی (  ویب  نیوز)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کشیدگی کے بعدفوری سیز فائرکے لئے تیار ہوگئے ہیں ،پاکستان اور بھارت نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سیز فائر فوری نافذالعمل ہوگیا ہے جبکہ دونوں ممالک کسی غیرجانبدار مقام پر آج (اتوار کو) مزاکرات کریں گے ،اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس پر جاری بیان میںامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی میں ایک طویل رات کی بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عقل و دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس معاملے پر آپ کی توجہ کے لیے آپ کا شکریہ۔۔جنگ بندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک کا جنگ بندی کا فیصلہ دانشمندانہ ہے جس کے لیے ثالث کا کردار امریکا نے ادا کیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیز فائر کی تصدیق کر تے ہوئے کہا کہ شام ساڑھے 4 بجے سے سیزفائر نافذ العمل ہوگیا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شام ساڑھے 4 بجے سے سیزفائر نافذ العمل ہوگیا ہے۔نائب وزیرا عظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن اور سلامتی کے لیے کوشش کی ہے، پاکستان نے امن کی کاوشوں میں اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔اسحق ڈار نے کہا کہ وزارت خارجہ کی جانب سے تفصیلی پریس ریلیز جاری ہوگی، قوم کی دعاوں سے پاکستان نے بھرپور دفاع کیا، نہ صرف دفاع کیا، بلکہ جو رسپانس دینا چاہیے تھا وہ دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مختلف ممالک 24 گھنٹوں سے جنگ بندی کے لئے کوشش کررہے تھے، ہماری ایک ہی بات تھی کہ ہم سیز فائر کیلئے تیار ہیں،  ہندوستان اگر قدم اٹھاتا تو ہم جواب دیتے۔پاکستان کے بعد ہندوستانی وزارت خارجہ نے بھی جنگ بندی پر اتفاق ہونے کااعلان کر دیاہے ۔بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کر دہ بیان میں کہا گیاہے کہ  دونوں ملکوں میں جنگ بندی کا آغاز ساڑھے چار بجے ہوا، دونوں ممالک میں غیر جانبدار مقام پر مذاکرات آج ( اتوار کو) ہوں گے، پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز سے آج بات ہوئی ، پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنزسے بات چیت میں جنگ بندی پر اتفاق ہوا۔ ہندوسانی وزارت خارجہ کا کہناتھا کہ دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز12 مئی کو دوبارہ بات چیت کریں گے، پاکستان اور ہندوستانکے درمیان زمین، فضا، اور سمندر میں مکمل جنگ بندی ہو گی۔ واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے۔پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پاکستان کی مسلح افواج نے ہفتہ کی صبح بھارت کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب آپریشن بنیان مرصوص سے دے دیا ہے، آپریشن کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کردیا گیا جبکہ بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلوارا ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی گئی۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔  وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  الحمدللہ افواج پاکستان نے مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا ہے، پہلگام واقعے پرحقائق جاننے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کو بھارت نے ٹھکرا دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، ان جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا، آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بیگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، آپ سمیت پوری قوم کو میں اس کامیاب آپریشن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہم بھارت کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں